ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے کارندے گرفتار، اسلحہ برآمد

0

کراچی: کاؤنٹر ٹرررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے پولیس اہلکارسمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے دو  کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی)ڈاکٹر جمیل احمد کی خصوصی ہدایت پر انچارج ٹارگٹ کلنگ ورکنگ گروپ علی رضا کی سربراہی میں ٹیم  نےخفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ،قتل، اقدام قتل،اور سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ایم کیو ایم لندن کےدو خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے،ملزمان کی شناخت مدثر امیر ولد امیر احمد خان اور منہاج شاہد ولد شجاع الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم مدثر امیر سیکٹر قصبہ علی گڑھ کا سرگرم کارکن رہاتھا ، ملزم ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم  ممبر تھا،وہ پولیس اہلکار شفیق سمیت 6افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم سیکٹر کے لئے غیر قانونی اسلحہ کی خریداری میں ملوث ہے۔

ملزم متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کا بڑا بھائی ایم کیو ایم سیکٹر انچارج اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں ’’را‘‘ نے متحدہ لندن اور سندھی گروپ کو سرگرم کیا، اہم کڑیاں مل گئیں

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم منہاج شاہد ایم کیو ایم لندن ٹارگٹ کلنگ ٹیم اور پاک کالونی سیکٹر انچارج دلاور کا قریبی ساتھی ہے،جس کو سیکٹر کی جانب سے پاک کالونی کے علاقے مین روڈ پر ریکی کرنے کے لئے ایک کیبن/ہوٹل لگا کردیا گیا تھا۔

ملزم پارٹی مخالف افراد کی ریکی  کرتا تهااورایسے افراد کی اطلاع بزریعہ فون سیکٹر کو دیتا تها،اس کی اطلاع پر متعدد افراد کو قتل کیا گیا،سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ ملزم علاقےمیں  پولیس اور رینجرز کے آنے کی اطلاعات سیکٹر یونٹ کو فراہم کرتا تها جس کی بنا پر دہشت گرد محفوظ مقام پر چلے جاتے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے،جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے، جبکہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.