عرب امارات نے پاکستانیوں کیلئے کرونا ٹیسٹ کی شرط رکھ دی

0

دبئی:متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کیلئے کرونا کی ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دے دی ہے، سفر سے 4 روز قبل ٹیسٹ کروانا ہوگا، 4 روز سے پرانا ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوگا، رپورٹ منفی آنے کی صورت میں ہی مسافروں کو یواے ای کے سفر کی اجازت دی جائے گی۔

ایمریٹس ائیر لائن اور فلائی دبئی نے بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں، اس شرط کے اطلاق کے ساتھ ہی ایمریٹس ائیر لائن نے پاکستان کیلئے 30 جون سے پروازیں بھی بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایمریٹس ائیرلائن نے 25 جون کو پاکستان کیلئے پروازیں معطل کردی تھیں، اور اس کی بظاہر وجہ پاکستان سے جانے والے مسافروں میں کرونا پازیٹو کے کیس بڑھنا تھا، ائیرلائن نے فیصلے پر 3 جولائی کو نظر ثانی  کا اعلامیہ جاری کیا تھا، تاہم اب 30 جون سے ہی پاکستان کیلئے پروازیں بحال  کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کرونا ٹیسٹ

یو اے ای یا براستہ دبئی دوسرے ممالک میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کو پیشگی کرونا ٹیسٹ کرانا ہوگا، جو زیادہ سے زیادہ  4 دن پرانا ہو، رپورٹ کلئیر آنے کی صورت میں ہی مسافر دبئی سمیت عرب امارات کا سفر کرسکیں گے، بورڈنگ کے وقت یہ سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا، یو اے ای نے ٹیسٹ کیلئے نجی لیبارٹری چغتائی لیب اور جیریز کو نامزد کیا ہے۔

چغتائی لیب

کراچی میں چغتائی لیب شرف آباد میں واقع سینٹر سے یہ ٹیسٹ کرایا جاسکے گا، یہ سینٹر الخلیج ٹاور میں گراؤنڈ فلور پر واقع ہے، لاہور میں چغتائی لیب نمبر 7 جیل روڈ، اسلام آباد میں بلیو ایریا، راولپنڈی میں ہولی فیملی اسپتال کے گیٹ نمبر 3 کے سامنے فیملی پلازہ، پشاور میں ڈبگری گارڈن اور سیالکوٹ میں چرچ روڈ نزد سردار بیگم اسپتال اور کراون اسپتال کے سامنے  کمشنر روڈ پر واقع چغتائی لیبارٹریوں میں یہ ٹیسٹ کرائے جاسکیں گے۔

جیریز  کے ذریعہ ٹیسٹ

جیریزکو بھی یو اے ای نے کرونا ٹیسٹ کیلئےاجازت نامہ دیا ہے، اس کیلئے مسافروں کو پہلے فون پر وقت لینا ہوگا جبکہ جیریز گھر پر آکر بھی ٹیسٹ کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، اس کیلئے جیریز کی ہیلپ لائن 0518849999 یا ای میل کے ذریعہ health@gerrys.com.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

جیریز کے دفاتر اسلام آبا د میں  پارک روڈ چٹھہ بختاور چک شہزاد پر پنجاب کیش اینڈ کیری کے ساتھ، کراچی میں ویزا آفس رازی روڈ بلاک 6 پی ای سی ایچ ایس، لاہور میں گنگا رام اسپتال کے سامنے کوئنز روڈ، پشاور میں اسلامیہ روڈ صدر کینٹ پر واقع ڈینز ٹریڈ سینٹر اور سیالکوٹ میں پکا گڑھا کشمیر روڈ پر واقع ہیں، یہ سینٹرز کرونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کریں گے ۔

جن مسافروں کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئے گی، انہیں پرواز سے 24 گھنٹے قبل ایمریٹس ائیرلائن اور فلائی دبئی کے مقامی رابطہ دفتر کو اس سے آگاہ کرنا ہوگا اور ائیر لائن رپورٹ کی تصدیق کے بعد ان کی بکنگ کو کنفرم و اپ ڈیٹ کرے گی۔

ویزا سروس

فلائی دبئی کے اعلان کے مطابق  یو اے ای کے ویزا کیلئے درخواستیں لینے کا عمل بھی 7 جولائی سے شروع کردیا جائے گا، ویزا کے لئے معمول کی  دستاویز کے علاوہ 4 اضافی چیزیں جمع کرانی ہوگی

1۔ ہیلتھ ڈیکلئیریشن فارم

2۔قرنطینہ میں  رہنے  کا حلف نامہ

3۔کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ

4۔ یواے ای میں قیام کے دورانیہ کی ہیلتھ انشورنس

Leave A Reply

Your email address will not be published.