اٹلی میں نیپولی، بلوونیا میں کرونا کے نئے کیس، علاقے سیل، فوج طلب 

0

روم: اٹلی میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد پہلی بار نیپولی اور بلوونیا (Bologna) میں کرونا کے نئے کیس بڑی تعداد میں سامنے آئے ہیں، کچھ غیرملکی تارکین وطن کے ٹیسٹ بھی پازیٹو آگئے ہیں، تاہم ان میں سے متعدد روپوش ہوگئے ہیں، نیپولی میں کرونا  کے نئے کیس جس علاقے میں سامنے آئے ہیں، وہاں علاقہ سیل کر کے فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

نیپولی میں نئے کیس

اطالوی حکام کے مطابق نیپولی کے شمال میں کمپانیا ریجن کے علاقے موندرا گونی میں کونسل کے 4 رہائشی بلاکس میں  نئے کیس سامنے آنے کے بعد  وہاں مقیم 700 افراد کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی لگادی گئی ہے، ان بلاکس میں مقیم تمام افراد کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔

دوبارہ لاک ڈاؤن پر یہاں کچھ لوگوں نے پولیس کی لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا کر مارچ کی کوشش کی، جنہیں پولیس نے واپس کردیا تاہم اس واقعہ کے بعد ریجنل گورنر وینسینزو ڈی  لوسا نے صورتحال کنٹرول میں رکھنے کیلئے فوج طلب کرلی ہے۔

علاقے میں ٹیسٹ کے دوران جن افراد میں کرونا  پازیٹو پایا جارہا ہے، انہیں حکام اسپتالوں میں منتقل کررہے ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق ان میں وہ مریض بھی شامل ہیں، جنہیں بظاہر کرونا کی کوئی علامت نہیں ہے تاہم  اصل میں انہیں یہ وبا  لپیٹے  میں لے چکی ہے۔

کتنے لوگ غائب ہوگئے ؟

حکام کو ایک اور پریشانی یہ لاحق ہے کہ کرونا سے اب تک متاثرہ نکلنے والے 49 افراد میں سے  متعدد علاقے سے غائب  ہوگئے ہیں، ان میں کچھ  ایسے غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن کے پاس قانونی رہائشی دستاویزات موجود نہیں ہیں۔

یہ افراد قانونی مسائل سے دوچار ہونے یا ملازمتیں کھونے کے خوف سے علاقے سے غائب ہوگئے ہیں، حکام انہیں تلاش کررہے ہیں، کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ یہ افراد دوسروں کو بھی کرونا سے متاثر کرسکتے ہیں۔

بلوونیا میں نئے کیس

بلوونیا میں بھی نئے کیس سامنے آئے ہیں، اور حکام نے  کمپانیا کے رہائشی علاقے میں  50 نئے مریض سامنے آنے پر  علاقے کو  بند کردیا ہے، اور یہاں نقل وحرکت روک دی گئی ہے، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوونیا میں ہی کورئیر کمپنی بی آر ٹی  کے وئیر ہاؤس میں بھی کرونا کے 44 کیس سامنے آئے ہیں، جو تمام کے تمام بغیر کسی علامت  کے  تھے۔

مقامی اخبار کے مطابق پہلے کمپنی کے 2 ڈرائیوروں میں کرونا پایا گیا، جس کے بعد باقی عملے کے ٹیسٹ کئے گئے تو مزید عملہ کرونا میں مبتلا نکلا، حالاں کہ بظاہر ان میں کوئی علامت نہیں تھی، کیس سامنے آنے کے بعد کمپنی نے وئیر ہاوس بند کردیا ہے، تاہم  ڈلیوری سروس جاری ہے۔

اٹلی میں جون کے آغاز میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں یہ کیس سامنے آئے ہیں، اس سے قبل روم کے کچھ رہائشی بلاکس میں بھی کیس سامنے آئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.