فیئٹ کیلئے پیکج حتمی منظور، اٹلی حکومت نے لاکھوں ملازمتیں بچالیں

0

میلان: (رپورٹ:تنویز ارشاد) اٹلی کی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے صنعتی گروپ فیئٹ (FIAT) کیلئے سرکاری ضمانت پر 6 ارب 30 کروڑ یورو کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جس سے اٹلی میں گاڑیوں کی صنعتوں سے وابستہ لاکھوں افراد کا روزگار محفوظ ہوگیا ہے، اور روزگار کے نئے مواقع کے راستے بھی کھل گئے ہیں، گزشتہ ہفتے فیئٹ گروپ اور حکومتی آڈیٹرز میں مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے، تاہم اس کی حکومت سے باضابطہ منظوری درکارتھی.

گروپ کرونا بحران کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھا، اور اس کی وجہ سے گروپ اور اس سے جڑی دیگر صنعتوں کے لاکھوں افراد پر بے روزگاری کی تلوار لٹک رہی تھی، جو اب ٹل گئی ہے۔ کمپنی کے ساتھ جو گاڑیوں کی صنعتیں جڑی ہوئی ہیں، ان میں مزراتی، جیپ،الفا رومیو، ڈاج اور ریم برانڈ شامل ہیں، ان  سے جڑے کارکنوں کی ملازمتیں اب محفوظ ہوگئی ہیں۔

باضابطہ منظوری

اطالوی وزیر معیشت رابرٹو گوالتیری نے کہا ہے کہ فیئٹ سے ڈیل کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد اٹلی کی گاڑیوں کی صنعت کا تحفظ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ فیئٹ گروپ کو Intesa Sanpaolo bank  قرض فراہم کرے گا اور 6 ارب 30 کروڑ یورو کے اس قرضے کیلئے حکومت 80 فیصد ضمانت بینک کو دے گی، اس اقدام کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا اور ملازمتوں کا تحفظ ہے۔

واضح رہے کہ فیئٹ گروپ کے فرانس کے پی ایس اے گروپ کے ساتھ انضمام کیلئے مذاکرات چل رہے ہیں اور اگر اطالوی حکومت گروپ کیلئے قرض کا انتظام نہ کرتی، تو خدشہ تھا کہ اٹلی سے ملازمتیں ختم ہوجاتیں۔

فیئٹ سے کتنی ملازمتیں جڑی ہیں

فیئٹ گروپ کے اٹلی میں 55 ہزار سے زائد ملازم ہیں، جبکہ گروپ سے جڑی دیگر ذیلی صنعتوں سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے، گروپ کا کہنا ہے کہ وہ قرض کی تمام رقم اپنے اٹلی کے آپریشن کو  بچانے اور بڑھانے کیلئے استعمال کرے گا۔

کمپنی کے ایک عہدیدار پیٹرو گورلئیر کا کہنا ہے کہ یہ مل کر اٹلی کی صنعتی بنیاد بچانے کا شاندار اقدام ہے، انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے اثرات  سے نکلنے اور اٹلی کی معیشت چلانے کیلئے یہ قرضہ ناگزیر تھا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمپنی اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔

وعدے کیا ہیں

اطالوی میڈیا کے مطابق فئیٹ گروپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 2023 تک کسی ملازم کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، ملک میں اضافی سرمایہ کاری کے ذریعہ مزید ملازمتیں پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، کمپنی اٹلی میں موجود اپنا کاروبار کسی اور ملک منتقل نہیں کرے گی، وعدے کی خلاف ورزی پر حکومت کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کرسکے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.