اٹلی میں کرونا مرکز برگامو میں تعزیتی تقریب، صدرسرجیو ماتریلابھی غمزدہ ہوگئے

0

میلان: اٹلی یورپ میں کرونا کا مرکز تھا تو برگامو اٹلی کے اندر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ، یہاں کرونا سے سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، اور اب جب وبا پر قابو پالیا گیا ہے، تو اطالوی صدر سرجیو ماتریلا نے لوگوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں کا دورہ کیا۔

 اطالوی صدر نے اتوار کی رات اس علاقے میں تقریب سے خطاب کیا اور لوگوں کے حوصلے کی تعریف کی، اس تقریب میں صوبے سے تعلق رکھنے والے تمام مئیرز، طبی عملے اور کرونا میں جانیں کھونے والوں کے لواحقین نے شرکت کی ۔

قبرستان کے ساتھ  تقریب

اطالوی صدر کی تقریب برگامو کے اس قبرستان کے ساتھ رکھی گئی تھی، جہاں وبا کے عروج کے دوران سارا دن لاشیں لائی جاتی تھیں، تقریب میں برگامو سے تعلق رکھنے والے کمپوزر گیتانو ڈونزتی کی ماتمی دھن بھی بجائی گئی، جس سے پہلے سے سوگوار ماحول مزید سوگوار ہوگیا۔

اس موقع پر اطالوی صدر نے اپنے جذباتی خطاب میں کہا کہ یہ برگامو کی رات ہے، یہ اٹلی کا دل  ہے، جس نے اس وبا سے بہت زخم اٹھائے ہیں، بہت آنسو بہائے ہیں، انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کو یاد کرنے کا مطلب ہے کہ ہم انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، اور یہ جان رہے ہیں کہ اصل میں یہاں کیا ہوا۔

اطالوی صدر ماتریلا نے کہا کہ ہمیں یہ بھی سنجیدگی سے دیکھنا ہے کہ ہمارے نظام  میں کیا کوتاہیاں ہیں، ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں ۔

انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹروں ،نرسز اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ،اور کہا کہ انہوں نے انسانیت کی خدمت کا حق ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ برگامو میں 6 ہزار سے زائد افراد کرونا کی وجہ سے موت  کے منہ میں گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.