اقوام متحدہ کشمیریوں پر ہونے والے بدترین مظالم کا فوری نوٹس لے، صدر تحریک کشمیر اٹلی
صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں پر ہونے والے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لے، بھارتی حکومت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے بھارت کشمیریوں کوسفاکانہ مظالم کا نشانہ بنارہا ہے، گھر گھرتلاشی اور سرچ آپریشن کے نام پر معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔
محمود شریف نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سےکرفیونافذ ہے اسے فوری ختم کیا جائے اور اس کی سابقہ حیثیت بحال کی جائے۔
جنرل سیکریٹری تحریک کشمیر اٹلی چوہدری جمشید چیمہ نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتاہے،یورپی یونین کو نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت کے مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس نے سب کے دل دہلا دیئے ہیں ، اور تمام لوگ بھارتی فوج کے طلمانہ اقدام کی مذمت کررہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ ایک 3 سالہ بچہ اپنے نانا کی لاش پر بےبسی کی حالت میں بیٹھا رورہا ہے، جسے بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا تھا۔60 سالہ بزرگ شہری بشیر احمد خان اپنے نواسے کو لے کر بازار گئے تھے، جہاں بھارتی قابض فوج نے انہیں گاڑی سے اتارکر گولیاں مار دی تھیں۔