قربانی کیلئے آن لائن پیسے جمع کرانا، مالی صدقے کی بات غیر شرعی قرار

0

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ قربانی کے بجائے مالی صدقے کی بات قرآن و سنت کے خلاف ہے،اسی طرح قربانی ایک عبادت مقصودہ ہے جو آن لائن پیسے جمع کروا کر نہیں ہوسکتی بلکہ عملاً ہونی چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ کرونا کو بنیاد بنا کر  قربانی کا شرعی حکم ساقط  نہیں   کیا جاسکتا ،موجودہ حالت میں اجتماعی قربانی کو لوگ ترجیح دیں اور اس کیلئے مدارس اور اچھی شہرت کے حامل فلاحی اداروں   کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا جانور شریعت کی شرائط کے مطابق ہونا چاہیے یعنی گائے، بیل اور بھینس کی عمر کم از کم دو سال، بکرا اور دنبہ ایک سال اور اونٹ کی عمر کم از کم پانچ سال ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  موجودہ حالات میں قربانی کی کھالیں خریدنے والے جلد محفوظ مراکز تک منتقل کریں، قربانی کی جگہوں پر صفائی اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت  سے بات ہوگئی ہے ، شہر کے باہر منڈیاں  لگیں گی ، جبکہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے گزشتہ سال کا اجازت نامہ قابل عمل ہوگا۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا  تھا کہ عوام بچوں کو مویشی منڈی نہ لے کرجائیں، گلیوں میں جانوروں کو نہ گھمائیں، نمائش نہ لگائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.