کراچی میں بارش 5 افراد کی جان لے گئی

0

کراچی: شہر قائد میں ہونے والی  مون سون کی پہلی بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر،جبکہ شہر میں بجلی کا نظام بھی  بری طرح درہم برہم ہوگیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں ہونے والی بارش کےباعث لیاقت آباد اور اورنگی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگئے ، ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے کے باعث 3 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ ابراہیم حیدری میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے اور 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں، جس کے بعد صدر،لیاری، بلدیہ،کیماڑی، کورنگی ، لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوچکی ہے۔

شہر میں ہونے والی تھوڑی  دیر کی بارش نے سندھ حکومت  کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث شہر کی مصروف ترین شاہراہوں  شاہراہ فیصل،کورنگی ایکسپریس وے سمیت دیگرپر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں سب سے زیادہ 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی اےایف بیس فیصل26،ناظم آباد میں 22، پی اے ایف مسرور میں 12، ائیرپورٹ 10، کلفٹن 6، لانڈھی میں 3 اور سرجانی میں 1اعشاریہ 2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  شہر میں بارش کا سلسلہ8 جولائی کی صبح تک وقفےوقفے سے جاری رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.