اٹلی نے پاکستانیوں سمیت 180 تارکین وطن کو بڑی سہولت دے دی

0

روم: اٹلی نے ایک ہفتہ قبل بحیرہ روم میں کشتی سے بچائے گئے 180 مہاجرین کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے، لیبیا سے آنے والے یہ تارکین وطن میڈی ٹرینی نامی این جی او کے جہاز میں پھنسے ہوئے تھے، اور انہیں اٹلی میں اتارنے  کے لئے ایک ہفتے سے بات چیت چل رہی تھی ۔

این جی او نے جمعہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر تارکین وطن کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہ دی گئی تو ان تارکین اور جہاز کے عملے دونوں کی زندگیاں خطرہ میں پڑسکتی ہیں، اطالوی حکام کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد انہیں  پیر کو کسی وقت  سسلی کی بندرگاہ پر اتارا جائے گا، جس کے بعد انہیں 14 روز کے لئے قرنطینہ مرکز منتقل کردیا جائے گا۔

اطالوی ڈاکٹروں نے ان تارکین وطن اور جہاز کے عملے کے کرونا ٹیسٹ کرلئے ہیں اور ان کا نتیجہ بھی آج کسی وقت متوقع ہے۔

تارکین وطن کا تعلق کن ممالک سے ہے

ان تارکین وطن میں پاکستان، اریٹریا، بنگلہ دیش اور نائیجریا کے شہریوں کی اکثریت ہے، اور ان میں 25 کم عمر بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، ایک خاتون حاملہ ہے، این جی او سے وابستہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ  تارکین وطن طویل اور مشقت والے سمندری سفر کے بعد ذہنی مسائل اور عدم برداشت کے روئیے کا شکار ہوچکے ہیں اور جہاز پر انہیں پرسکون رکھنا مشکل ہورہا تھا، ان میں سے کچھ اٹلی میں اترنے کی اجازت نہ ملنے پر خودکشی کی دھمکی دے رہے تھے، تاہم  اٹلی کی جانب سے اترنے کی اجازت ملنے کی خبر پر تارکین وطن خوش اور پرجوش ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.