حج کیلئے سخت قواعد، کعبہ اور حجرہ اسود کو چھونے پر بھی پابندی ہوگی

0

ریاض: سعودی عرب نے اس سال ہونے والے محدود حج کیلئے سخت ایس اوپیز جاری کردئیے ہیں، خانہ کعبہ اور حجرا اسود کو چومنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، اس سال صرف 10 ہزار افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔

اب سعودی حکومت نے کہا ہے کہ ان میں سے 70 فیصد وہ غیرملکی شہری ہوں گے، جو سعودی عرب میں ملازمتوں  کیلئے مقیم ہیں، حج کے خواہشمندوں کو رجسٹریشن کروانی ہوگی اور سعودی حکومت ان میں سے عازمین کا انتخاب کرے گی۔

حج کیلئے جو ایس اوپیز جاری کئے گئے ہیں، ان کے مطابق پورے حج کے دوران ایک دوسرے سے ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا، حج سے قبل تمام  عازمین کا کرونا ٹیسٹ ہوگا اور نتیجہ منفی آنے پر ہی حج میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

19 جولائی سے لے کر 2 اگست تک  منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں صرف وہ افراد داخل ہوسکیں گے، جن کے پاس حج کی رجسٹریشن ہوگی، تمام عازمین اور منتظمین کیلئے ماسک لازمی ہوگا۔

اگر کسی شخص کو کرونا کی علامات محسوس ہوں تو اسے فوری حکام کو اطلاع دینی ہوگی، نزلہ، زکام، بخار،  کھانسی، سانس کی تکلیف ان علامات میں شامل ہیں، عازمین کو اپنے ہاتھ وقفے وقفے سے دھونے ہوں گے، اور سینی ٹائزر کا بھی استعمال کرنا ہوگا، پہلی بار حرم  سے زم زم کےکولر بھی ہٹا دیے جائیں گے، عازمین کو کھانا پیک شدہ ملے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.