میلان: پاکستانی قونصل جنرل کی سرگرمیوں سے کشمیر کاز کو نقصان کا خدشہ، حکومت سے نوٹس کا مطالبہ

1

میلان :اٹلی میں  میلان قونصلیٹ کا  عملہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کیخلاف لابنگ کے بجائے کشمیر کاز کیلئے کام کرنے والی سب سے بڑی تنظیم تحریک کشمیر اٹلی کیخلاف لابنگ کرنے لگا۔

پاکستانی  کمیونٹی  کو کشمیر کاز پرمتحد رکھنے کے بجائے  ان میں اختلافات پیدا کرنے کے بیج بونے شروع کر دئیے، مخصوص افراد کی سرپرستی اور دیگر تنظیموں کو ان کے ماتحت کام کرنے کی ڈکٹیشن دینے کی کوشش پر پاکستانی کمیونٹی  میں میلان قونصلیٹ کے عملے کیخلاف ردعمل پیدا ہونے لگا۔

قونصل جنرل میلان کے روئیے سے5 اگست کو بھارت کیخلاف یوم مذمت کا پروگرام بھی خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا،پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم اور وزارت خارجہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق میلان کے قونصل جنرل ڈاکٹر منظور احمد نے کشمیر کاز اور کمیونٹی کی فلاح کیلئے کام کرنے والی اٹلی میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی کمیونٹی تنظیم تحریک کشمیر اٹلی کی حوصلہ افزائی کے بجائے ان پر دباؤ ڈالنا شروع  کردیا ہے کہ وہ ان کے من پسند افراد کی قیادت  اور احکامات پر کام کرے، جس سے پاکستانی کمیونٹی میں بے چینی پیدا ہورہی ہے۔

قونصل جنرل  ڈاکٹر منظور احمد کی جانب سے تحریک کشمیر پر دباؤ ڈالنے اور ڈکٹیشن دینے کی کوششوں سے اٹلی میں 5 اگست کو بھارت کیخلاف یوم مذمت کا پروگرام بھی خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈاکٹر منظور کی جانب سے کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی کوششوں پر تحریک انصاف اٹلی کے رہنماوں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہےاور وزیراعظم، وزیر خارجہ اور اٹلی میں سفیر سے اس پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک کشمیر کا ردعمل

تحریک کشمیر  اٹلی  نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے والے سفارتی عملے کے خلاف کاروائی کرے،  تحریک کے صدر  محمود شریف کا کہنا ہے کہ میلان قونصلیٹ  میں تعینات قونصل جنرل مخصوص گروپ کو کمیونٹی پر مسلط کرنے کی کوشش کرکے نہ صرف کمیونٹی کی تقسیم کا سبب بن رہے ہیں بلکہ کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی نے گزشتہ 5 سالوں میں اٹلی  کے علاوہ جنیوا میں بھی کشمیریوں کی حق خودارادیت اور آزادی کے لیے یورپ کے سب سے بڑے مظاہرے کیے ہیں، کشمیر کے معاملے پر اٹلی بھر میں کمیونٹی میں بے مثال اتحاد موجود ہے۔

 تاہم میلان میں تعینات قونصل جنرل  اپنے  کردار سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ محمود شریف نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کمیونٹی میں تقسیم کا سبب بننے والے سفارتی عملے کےخلاف کاروائی کرے ۔

دوسری جانب تحریک انصاف اٹلی کی منتخب باڈی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری مرزا محمد خالد نے بھی قونصل جنرل میلان کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی و یورپ کشمیریوں کے لیے بھرپور آواز اٹھارہی ہے اور کسی مخصوص گروپ کی حمایت کرنا کمیونٹی میں انتشار کا سبب بنے گا۔

1 Comment
  1. . says

    Pak Foreign Afair Ministry Have to change policy of Appointing inefficient working staff Causing Distrust in our Community Abroad in ITALY an Absurd move C.G. Milan not commendable….???

Leave A Reply

Your email address will not be published.