35 افراد کس کے حکم پر مارے؟، قتل کرنے پر کتنا انعام ملتا تھا؟، ایم کیو ایم کلر کے خوفناک انکشافات

0

کراچی: تاجروں اور سیاسی رہنماؤں سمیت کراچی میں 35 افراد کو قتل کرنے والے ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر نے تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ اسے  پارٹی کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کی ہر واردات پر ایک لاکھ  روپے تک بطور انعام دئیے جاتے تھے، ٹارگٹ کلنگ کا حکم  فون پر دیا جاتا تھا، ٹارگٹ کلر سانحہ 12 مئی میں بھی ملوث ہے، اور پولیس اس سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے 35 افراد کا قاتل ایم کیو ایم کا ٹارگٹ کلر عالم خان گرفتار کیا ہے، جس کا تعلق الطاف گروپ سے ہے، گرفتار ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے جن افراد کو قتل کیا، ان میں  تاجر اور سیاسی مخالفین شامل ہیں۔

اس نے بتایا کہ تاجروں کو بھتہ دینے سےانکار پر نشانہ بنایا جاتا تھا، اسے ٹیلی فون پر پارٹی کی طرف سے ہدایت ملتی تھی کہ فلاں بندے کو مار دو، جس کے بعد وہ ساتھیوں سے مل کر اس کی ریکی کرتا اور پھر قتل کردیتا۔

عالم خان نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ ہم ہیڈ شاٹ یا دل پر گولی مارتے تھے، تاکہ ہمارا ہد ف فوری طور پر مر جائے،  ٹارگٹ کلر کے مطابق اس کے پاس  انکار کی گنجائش نہیں ہوتی تھی، اگر انکار کریں تو جو لوگ ہمیں کام دیتے ہیں، وہی ہمیں مروا دیتے ہیں۔

مذکورہ ٹارگٹ کلر اتنی زیادہ وارداتوں میں ملوث ہونے کے باوجود کبھی پولیس کے ہاتھ نہیں لگا، اور پہلی بار اس کی گرفتاری ہوئی ہے، جس میں حساس اداروں نے مدد کی۔

پولیس حکام  کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.