دبئی غیر ملکیوں کیلئے کھل گیا، لیکن کیا شرائط پوری کرنا ہوں گی؟

0

دبئی:متحدہ عرب امارات کو غیر ملکی سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے، تاہم 10 ممالک کے شہریوں کیلئے ویزے اور سفر سے قبل کرونا  ٹیسٹ کی منفی رپورٹ لازمی قرار دی  گئی ہے، اس کے علاوہ تمام غیرملکیوں کو مڈیکل انشورنس بھی دینی ہوگی۔

انشورنس میں خصوصی طور پر کرونا کا ذکر ہوگا، کہ اگر وہ اس وبا سےمتاثر ہوگئے، تو علاج  کے تمام اخراجات متعلقہ انشورنس کمپنی برداشت کرے گی، انشورنس اور کرونا ٹیسٹ کی اضافی شرائط کی وجہ  سے   دبئی کا سفر   مہنگا   ہوجائے گا۔

دبئی کو غیرملکی سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے، جبکہ  یواے ای کے حکام نے اگلے دو ہفتوں میں امارات کی تمام ریاستوں کیلئے مشترکہ پالیسی لانے کا بھی اعلان کیا ہے، ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم  نے گزشتہ ہفتہ متحدہ عرب امارات کو سیاحت کیلئے محفوظ قرار دیا تھا، جس کے بعد حکام کو امید ہے کہ یواے ای میں سیاحتی سرگرمیاں جلد بحال ہوجائیں گی اور لوگ پھر یہاں کا رخ کرنے لگیں  گے۔

اگرچہ دبئی کے دروازے سیاحوں کیلئے کھول دئیے گئے ہیں، تاہم پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت 10 ممالک کے شہریوں کیلئے پیشگی کرونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے، باقی ممالک میں افغانستان،مصر، ایران، فلپائن، روس، تنزانیہ  اور امریکہ کے کچھ شہر شامل ہیں۔

لازمی کرونا ٹیسٹ رپورٹ والے امریکی شہروں اور ریاستوں میں ڈلاس، ہیوسٹن، لاس اینجلس، سان فرانسسکو، کیلی فورنیا، فلوریڈا، ٹیکساس، فورٹ لارڈ ڈیل اور اورلینڈو شامل ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق جن ممالک کے شہریوں کے پاس کرونا  کلئیرنس کی رپورٹ ہوگی، انہیں دبئی میں قرنطینہ کی شرط کے بغیر گھومنے پھرنے کی اجازت ہوگی، پاکستان سمیت کچھ ممالک کیلئے  پیشگی قرنطینہ کی شرط ہے، جبکہ کچھ ممالک کے شہریوں کو دبئی پہنچنے پر بھی ٹیسٹ کی سہولت میسر آسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.