وزیراعظم نے بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا

0

چلاس: وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے  ڈیم  کا افتتاح کردیا،بھاشا ڈیم میں 64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوسکےگا، جبکہ منصوبے سے 4500میگاواٹ سستی بجلی بھی مل سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان  دیامربھاشا ڈیم  کی سائٹ کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا،وزیراعظم کو دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ، فیصل واوڈا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت "پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیم” تعمیر کرنے کی طرف گامزن ہے، ڈیم مکمل ہوگا تجارت کے مواقع بھی بڑھیں گے.انہوں نے کہا کہ چین نے 5ہزار بڑے ڈیم بنا رکھے ہیں جبکہ ہمارے پاس صرف دو ڈیم ہیں اورتیسرا بننے جارہاہے،دیامر بھاشاڈیم بنانے کا فیصلہ 40سال پہلے ہوا تھا لیکن اب تک بن نہ سکا،ڈیم نہ بنا کر ہم نے اپنے لوگوں پر ظلم کیا۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت سے  لیکر اب تک ہر حکومت میں افتتاحی تختیاں لگتی آرہی ہیں، لیکن کام شروع نہ کیا گیا، بلکہ زمین بھی نہ خریدی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہیں، لیکن ماضی کےغلط فیصلوں سے ملک کی صنعتی ترقی کو نقصان پہنچا،ہماری بدقسمتی رہی کہ ہم نے قلیل مدتی فیصلے کئے،الیکشن میں ووٹ کے مدنظررکھ کر پراجیکٹس بنائے،دریاؤں سے بجلی بنانے کے بجائے تیل پر بجلی بنانے کو ترجیح دی،مہنگی بجلی کی وجہ سے صنعتوں اور قدرتی ماحول پر بھی اثر پڑا۔

عمران خان نے کہا کہ پانی سےبجلی بنانے  کے دو فائدے ہیں ،اس سے قدرتی ماحول پر اثر نہیں ہوتااور ہمیں باہر سے تیل بھی امپورٹ نہیں کرنا پڑے گا،ماضی میں باہر سے تیل امپورٹ کرکے بجلی بنانے سے دباؤ ہماری کرنسی پرپڑا،اور خسارہ بڑھتا رہا،ہماری حکومت آئی تو 20ارب ڈالر کاتاریخی خسارہ تھا،باہر سے چیزیں امپورٹ کرنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اس  منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،ہم نے مزید ڈیمز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئر مین سی پی اتھارٹی  لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ  دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر موبلائزیشن تاریخی سنگ میل ہے، انہوں نے کہا کہ منصوبے سے 64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوسکےگا، اور 12 لاکھ ایکذ اراضی سیراب ہوسکے گی جبکہ منصوبے سے 4500 میگاواٹ سستی  اور ماحول دوست بجلی بھی مل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے سیمنٹ اور اسٹیل کی صنعتوں کو ترقی ملے گی ، اور اس سے 16 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.