ایران میں مزید 2 پراسرار دھماکے، حکام کو بیرونی حملے کا بھی خوف لاحق ہوگیا

0

تہران: ایران میں پراسرار دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے  اور تازہ واقعات میں تبریز کی ایک فیکٹری اور اصفہان کے ایک پاور اسٹیشن میں دھماکوں کے بعد آگ لگی ہے۔

امریکی ٹی وی سی این این نے امریکہ کے انٹیلی جنس افسران کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے حالیہ دنوں میں ملک کی جوہری تنصیبات سے متعلق عمارتوں میں ہونے والے پراسرار دھماکوں کے بعد فضائی دفاعی نظام کے کچھ حصوں کو الرٹ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے اہم تنصیبات پر پراسرار دھمکاکوں کا سلسلہ جاری ہے، اور ایرانی حکام اب تک انہیں روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں ، تقریبا ً ہر روز کسی بندرگاہ ، اہم فیکٹری ، بجلی گھر یا کسی اور تنصیبات پر دھماکوں اور آتشزدگی کی خبریں آرہی ہیں، ایران کے ایٹمی پلانٹ ننطاز پر بھی دھماکہ ہوچکا ہے ، تازہ واقعہ اتوار کو تبریز میں پیش آیا ہے ،جہاں ایک فیکٹری میں آگ لگی ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں فیکٹری سے دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں ۔ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ عملہ نے آگ پر قابو پا لیا ہے، ایرانی حکام نے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی ، اسی طرح اصفہان کے پاور اسٹیشن میں بھی دھماکے کے بعد آگ لگ گئی اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، ایرانی حکام کے مطابق دھماکہ ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہوا ہے۔

ایران میں جون کے وسط سے فوجی ، جوہری اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ تاہم ان پراسرار واقعات کے بارے میں ایرانی حکام اب تک کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں لائے ، ا ن میں اسرائیل ملوث ہونے کے اشارے کئے گئے تھے ،لیکن باضابطہ الزام نہیں لگایا گیا۔

ادھر سی این این کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ جوہری سمیت اہم تنصیبات پر ہونے والے پراسرار دھماکوں کے بعد ایران نے فضائی دفاعی نظام کے کچھ حصوں کو الرٹ کردیا ہے۔ جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جارہا ہےکہ ایران کو کسی بیرونی حملے کا خدشہ ہے،

Leave A Reply

Your email address will not be published.