اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے فوج مکمل تیار ہے، کورکمانڈرز

0

راولپنڈی: کور کمانڈر کانفرنس میں  ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوج اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئےمکمل تیار ہے،ملکی سلامتی  پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات  عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 233 ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، داخلی و خارجی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور صلاحیتوں کو سراہا، کانفرنس نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سلامتی  پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

کانفرنس میں 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، کور کمانڈرز نے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے مظلوم  کشمیریوں کی ہمت اور حق خود ارادیت کیلئے جاری ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نےکرونا وائرس اورٹڈی دل کے خلاف جنگ میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے کی جانے والی پاک فوج کی کوششوں کوسراہا۔

انہوں نے کرونا وباء سے نمٹنے کے دوران حاصل ہونے والے فوائد کو برقرار رکھنے کے لئے عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کےدوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے ملک بھر میں ڈاکٹروں ، ہیلتھ کیئر ورکرز ، پیرا میڈیکس کی کوششوں کو بھی سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.