پاکستان کیلئے ایک اور اچھا دن، ہزاروں کرونا مریض صحتیاب

0

اسلام آباد: پاکستان کے لئے ایک اور اچھا دن، جمعہ سے ہفتہ کے درمیان 24 گھنٹوں میں مزید 16 ہزار811 مریض کرونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوگئے، جس کے بعد کرونا کے مریضوں کی تعداد 44 ہزار854 سے کم ہوکر 29 ہزار 504 رہ گئی۔

اسی طرح اگر  جمعرات کے اعداد وشمار سے موازنہ کیا جائے تو جمعرات  کو مریضوں کی تعدا50 ہزار307 تھی ،یوں  دو روز  میں مریضوں کی تعداد میں  تقریباً45 فیصد کی بڑی کمی ہوئی ہے ، جوملک میں بڑھتی ہوئی قوت مدافعت کا پتہ دے رہی ہے، پاکستان اب تیزی سے کرونا کو پیچھے چھوڑ کر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہا ہے،

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن  سینٹر کے تحت حکومت اور فوج کی مشترکہ کوششوں سےملک میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر2 لاکھ 36 ہزار 594 ہوگئی ہے ،جوجمعہ کو 2 لاکھ 19 ہزار783  تھی۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ ، بھارت، ایران اور برازیل  سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کرونا کا قہرجاری ہے،لیکن پاکستان پر اللہ کی خصوصی مہربانی سے صورتحال تیزی سے بہتر ہورہی ہے،ہفتہ  کو مریضوں کی تعداد29 ہزار 504 رہ گئی، ان میں سے بھی صرف 2287مریض اسپتالوں میں زیر علاج  ہیں، جبکہ باقی مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ گھروں پرقرنطینہ ہیں،

ملک میں کرونا مریضوں کے لئے 1859 وینٹی لیٹر مختص ہیں ،جن میں سے صرف242 مریضوں کے زیراستعمال ہیں جبکہ باقی خالی ہیں۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں میں اموات بھی مزید کم ہوکر 24 پر آگئیں، ملک میں اب تک کروناسے5 ہزار787 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایران جیسے پڑوسی ملک جس  کی آبادی پاکستان سے تین گنا کم اور 8 کروڑکے قریب ہے ،وہاں اموات ساڑھے15 ہزار تک پہنچ چکی ہیں ،اسی طرح امریکہ میں ایک لاکھ 48 ہزار 492 ،برازیل میں85 ہزار385، اور کیسز کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر موجود بھارت میں31 ہزار 425 اموات ہوچکی ہیں۔

بھارت میں ایکٹو کیس بھی بڑھ کر 4 لاکھ57 ہزار تک پہنچ گئے ہیں، سعودی عرب جیسے ملک میں جس کی آبادی پاکستان سے 7 گنا کم یعنی سوا 3 کروڑ کے قریب ہے، وہاں بھی ایکٹو کیس 44 ہزار سے زائد ہیں ،جبکہ  ڈھائی ہزار کے قریب اموات ہوچکی ہیں۔

بنگلہ دیش بھی کرونا کی لپیٹ میں آچکا ہے اور وہاں ایکٹو کیس 95 ہزار تک پہنچ گئے ہیں، اب تک 2 ہزار 836 افراد کی اموات بھی واقع ہوچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.