اطالوی مافیا کے کارندے ارجنٹینا سے گرفتار

0

روم۔ اطالوی پولیس اور انٹر پول کے مشترکہ آپریشن میں اٹلی کے علاقے کلابریا سے تعلق رکھنے والے سب سے بڑے مافیا گروہ ’’ندراگتا‘‘ کے 5 کارندے ارجنٹینا اور کوسٹا ریکا سے پکڑے گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ان افراد کو اطالوی پولیس نے انٹرپول کے ساتھ مل کر گرفتار کیا ہے، گرفتار افراد کو اٹلی کے حوالے کرنے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے، یہ گرفتاریاں انٹرپول کی جاری اس بڑی تحقیقات کا حصہ ہیں، جن میں مافیا کے مختلف ملکوں میں موجودہ 45 کارندوں کو تلاش کیا جارہا ہے، اب تک ان میں سے 6 گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

ارجنٹائن کے اخبار کے مطابق مافیا کے 3 کارندوں کو بیونس آئرس سے گرفتار کیا گیا ہے، ان میں فوبیو پون پیٹا، فردیانگو سراگو، اور گیوانی ڈی پریٹو شامل ہیں، ان پر منشیات کی اسمگلنگ کا الزام ہے، مافیا کے یہ کارندے ارجنٹائن سے کوکین کی یورپ اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتے تھے۔

خیال رہے کہ  دو ماہ قبل اسی ڈرگ مافیا کا ایک کارندہ البانیا سے بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.