اٹلی کی حکومت نے شرح پیدائش بڑھانے کیلئے بڑی مراعات کا اعلان کردیا

0

روم: بچے بڑھاؤ ، یورو کماؤ، شرح پیدائش میں کمی سے پریشان اٹلی کی حکومت نے نیا قانون منظورکرلیا، یہ بل ایسے موقع پر منظور کیا گیا ہے ، جب اٹلی کی آبادی میں تیزی سےکمی ہوتی جارہی ہے، اور مذہبی رہنماوں نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، اورخبردارکیا ہے کہ اگر شرح پیدائش اسی طرح گرتی رہی تو اٹلی کا وجود خطرے میں پڑسکتاہے۔

وزیراعظم جوزپے کونتے کا کہنا ہے کہ گرتی ہوئی شرح پیدائش کو روکنے اوروالدین کوزیادہ بچوں کی طرف راغب کرنے کے لئے بل منظورکرایا گیا ہے ،جس میں مالی مراعات کے ساتھ بالخصوص بچوں والی خواتین کورعائتیں دی گئی ہیں۔

مالی مراعات

اطالوی حکومت نے پارلیمنٹ سے جوبل منظورکرایاہے ،اس کے تحت بچے کی عمر 18 برس ہونے تک والدین کو 240 یورو ماہانہ تک ادائیگی کی جائے گی ،یہ ادائیگی براہ راست کیش کی صورت میں یا ٹیکس کریڈٹ کے ذریعہ کی جائے گی ، اس ماہانہ ادائیگی کے لئے متعلقہ خاندان کی سا لانہ انکم کودیکھ کرفارمولا بنایا جائے گا، جبکہ ہرنئے بچے کی پیدائش پر اس بینیفٹ میں 20 فیصد کااضافہ بھی ہوتا جائے گا، اسی طرح خدانخواستہ بچے کوکسی معذوری کی صورت میں بھی والدین کواضافی ادائیگی کی جائے گی۔

والد کے لئے چھٹی

بل کے تحت بچے کی پیدائش پر اس کے والد کو لازمی 10 روز کی پوری تنخواہ کے ساتھ چھٹی دی جائے گی ، جواس سے پہلے 5 روز کی دی جاتی تھی ، اسی طرح والدین 2 ماہ کی اضافی چھٹی کے بھی حقدارقراردئیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ جرمنی اور سکینڈے نیوین ممالک میں بچے کی پیدائش پر والد کوبھی کئی ہفتے کی چھٹی دی جاتی ہے، اور اٹلی میں بھی اس حوالے سے مطالبات کئے جاتے رہے ہیں،

اسی طرح بل میں کہا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد جب مائیں کام پر واپس آئیں گی تو انہیں کچھ عرصے تک اضافی الاوئنس دیا جائے گا ، تاہم الاوئنس کی مالیت اور اس کی ادائیگی کےعرصے کا تعین حکومت نے فوری طورپر نہیں کیا،

بچوں کوڈے کئیرسینٹرز میں رکھنے کے لئے الاوئس میں تین گنا اضافہ کردیا گیا ہے ،اوریہ ایک ہزار یورو سے بڑھا کر3 ہزار یورو سا لانہ تک کردیا گیا ہے ،تاہم اس الاونس کی ادائیگی خاندان کی سالانہ آمدن کو مدنظر رکھ کرکی جائے گی ،کم آمدن والے خاندانوں کوسالانہ 3 ہزار یورو ملیں گے ،جبکہ زیادہ آمدن والوں کو ان کے ایزوں کے حساب سے 1500 اورڈھائی ہزار یورو ادائیگی کی جائے گی۔ 

بل کب نافذ ہوگا؟

اگر چہ بل پارلیمنٹ نے منظورکرلیا ہے ،تاہم اس کے نفاذ کے لئے حکومت کو 2 برس کا وقت دیاگیا ہے ،اس کامطلب ہے کہ بل کی تمام مراعات فوری ملنا شروع ہونے کا امکان کم ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بچو ں کا الاوئنس جلدی ملنا شروع ہوجائے گا اور اس پر حکومت تیز رفتاری سے کام کررہی ہے، 

کیا شرح پیدائش میں اضافہ ہوپائے گا؟

بل کی منظوری کے باوجود کچھ حلقے یہ سوال کرتے ہیں کہ آیا اس بل میں دی گئی مراعات اٹلی میں شرح پیدائش میں اضافہ کرسکے گی، حکام اس سلسلےمیں بہت پرامید ہیں،وہ اس کے لئے اٹلی کے ہی شمالی ریجن بول زانو Bolzano کا حوالہ دیتے ہیں ، جہاں بچوں کی پیدائش پر مقامی حکام نے باقی اٹلی کے مقابلے میں زیادہ مراعات اورسہولتیں فراہم کررکھی ہیں اور اس کے نتیجےمیں اس ریجن میں شرح پیدائش نہ صرف اٹلی بلکہ پورے یورپ سے زیادہ ہے، اٹلی میں شرح پیدائش ایک اعشارئہ تین ہے جبکہ یورپی شرح ایک اعشاریہ 6 ہے ،اس کے برعکس بول زانو ریجن کی شرح پیدائش ایک اعشاریہ 67 ہے ، اس کی وجہ بول زانو ریجن میں بچوں کی پیدائش پر دی گئی مراعات ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.