اپوزیشن آپس میں لڑنے لگی، پیپلز پارٹی، ن لیگ مولانا کیلئے ناقابل اعتبار ٹھہریں

0

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں میں تقسیم مزید گہری ہوگئی ہے ، اور مولانا فضل الرحمن نے ضمانتوں کے بغیر حکومت کے خلاف کسی نئی تحریک سے انکار کردیا ہے، جے یوآئی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اسے استعمال کرکے حکومت سے کرپشن کیسز پر این آر او لینے کے لئے سرگرم رہتی ہیں، آزادی مارچ کے موقع پر بھی اس کے سا تھ دھوکہ کیا گیا، نوازشریف این آراو لے کر لندن چلے گئے جبکہ زرداری نے بھی ضمانتیں کرالیں، دوسری طرف سیاسی نقصان کا سامنا جے یوآئی کو کرنا پڑا تھا ، جسے اسلام آباد سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے صدر شہبازشریف کی طرف سے مولانا سے قومی اسمبلی میں معذرت بھی کام نہیں آئی، اور جے یوآئی نے کارکنوں کے دباٶ پر دونوں بڑی جماعتوں پر اعتبار کرنے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد اپوزیشن کی نئی تحریک اور اے پی سی کے معاملات کھٹائی میں پڑگئے ہیں۔

جے یوآئی کے مرکزی رہنما عبدالغفور حیدری نے دونوں جماعتوں کے کردار پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اب ان پر اعتماد کے لئے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کاکردار مشکوک ہے ، جب تک ہمارے تحفظات دور نہیں کئے جائیں گے ، نہ تو رہبر کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا اور نہ ہی کوئی اے پی سی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دونوں جماعتیں حکومت کو ہٹانے کے لئے اپنی سنجیدگی ظاہر نہیں کرتیں ، اس وقت تک کسی قسم کی ملاقاتیں یا اجلاس بے سود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ نے ہمارے آزادی مارچ کے موقع پر سیاسی سمجھوتہ کرلیا تھا اور اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کریں گی ؟۔

عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جس طرح کی اپوزیشن یہ دونوں جماعتیں کررہی ہیں، اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.