ہنگامہ کروا کے مریم نواز تفتیش سے بچ گئیں، نیب کا نئے آپشنز پر غور

0

لاہور: ن لیگ کی  رہنما مریم نواز نے جاتی عمرا اراضی خریداری کے اسکینڈل میں نیب  میں پیشی کو سیاسی شو بنادیا، پتھروں سے مسلح کارکنوں کے جھتےساتھ لے آئیں ، جنہوں نے نیب لاہور کے دفتر پر پتھراو کردیا، دفتر کے شیشے توڑ ڈالے ، پولیس کے ساتھ بھی تصادم میں  پتھراو کرتے رہے ،پولیس نے پھتروں سے بھری گاڑی تحویل میں لے لی ، دوسری جانب کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نیب نے مریم نواز کی پیشی منسوخ کردی اور اب ملزمہ کے خلاف کارروائی کے لئے دوسرے آپشنز پر غور کا فیصلہ کیا گیا ہے  ، دوسری طرف نیب حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ عدلیہ بھی اس کے دفتر پر حملہ کا نوٹس لے گی اور بالخصوص سیاسی قیدیوں کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کے دوران ان کا یہ طرز عمل بھی مدنظر رکھے گی ،جس کی وجہ سے نیب ایسے بااثر ملزمان کی گرفتاری پر مجبور ہوتی ہے ، کیوں کہ وہ نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کے بجائے فوجداری معاملات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے جاتی امرا میں شریف فیملی کے محلات کی اراضی خریدنے کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لئے مریم نواز کو منگل کے روز لاہور آفس طلب کیا تھا ، تاہم مریم نوازنے پارٹی کے ارکان اسمبلی اور رہنماوں کو دو روز قبل ہی ہدایت جاری کردی تھی کہ وہ کارکنوں کے ہمراہ نیب دفتر جائیں گی اور اس کے لئے انتظامات کئے جائیں ، ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں شہبازشریف کیمپ کے رہنماوں کو معاملات سے باہر رکھا گیا تھا، اور سارا انتظام مریم نواز نے اپنے قریبی رہنماوں کے حوالے کیا تھا۔

منگل کی صبح طے شدہ پروگرام کے مطابق مریم نواز جاتی امرا سے کارکنوں کی گاڑیوں کے جلو میں روانہ ہوئیں ، جبکہ کچھ گاڑیوں کو براہ راست نیب دفتر کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق اگر چہ نیب نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ضلع انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کے لئے خط لکھ  رکھا تھا ، تاہم نیب یا انتظامیہ کسی کو امید نہیں تھی کہ اس موقع پر ہنگامہ آرائی کی جائے گی ، تاہم مریم نوازکی نیب دفتر آمد سے قبل ہی کارکنوں نے باہر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔

نیب دفتر کے باہر لگا بیرئیر توڑنے کی کوشش کی گئی ، جس میں اسے نقصان پہنچا جبکہ دفتر پر پتھراو شروع کردیا گیا ، اس دوران پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو پتھروں سے مسلح کارکنوں نے اہلکاروں پر بھی حملہ شروع کردیا ، اور نیب دفتر کے باہر کا علاقہ میدان جنگ بن گیا، علاقے میں ٹریفک بھی معطل ہوگئی ، صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی ، جبکہ نیب نے مریم نواز کی طلبی کا حکم نامہ منسوخ کردیا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا گیا تھا، اور جو صورتحال پیدا کردی گئی تھی ،اس میں  تفتیش ممکن نہیں رہی تھی ،طلبی کاحکم منسوخ ہونے پر مریم نواز نیب دفتر کے باہر سے ہی واپس چلی گئیں ، جبکہ کارکن بھی منتشر ہوگئے ، جبکہ بعض کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ، تاہم فوری طور پر کسی کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا،

دوسری طرف نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز سے تفتیش کے لئے اب دیگر آپشنز پر غور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وائٹ کالرکرائم میں ملوث سیاسی شناخت والے چہرے نیب کی تفتیش سے بچنے کے  لئے اس طرح کے اقدامات کرتے ہیں ، اور نیب کواسی وجہ سے ایسے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کرنی پڑتی ہے ،تاکہ وہ سیاسی طور پر یا مجمع لگا کر تحقیقات متاثر کرنے کی کوشش نہ کریں، تاہم  گرفتاریوں پر یہ بااثر ملزمان اعلیٰ عدالتوں میں چلے جاتے ہیں، اور وہاں نیب سے سخت سوالات کئے جاتے ہیں ، ان ذرائع نےامید ظاہر کی کہ عدالتیں مستقبل میں ایسے بااثر سیاسی ملزمان کی درخواستوں کی سماعت کے دوران ان کا ہنگامہ آرائی کا طرزعمل بھی مدنظر رکھیں گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.