چوہدری برادران نے ہتھیار ڈال دئیے، عمران خان سے ملاقات کی کوششیں تیز

0

لاہور: کئی ماہ تک  نواز لیگ سے اتحاد اور حکومت سے علیحدگی کی خبریں چلوانے والے گجرات کے چوہدری برادران  نے بالاخرہتھیار ڈال دئیے ہیں، اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی کوششیں تیز کردی ہیں، تاہم انہیں ابھی تک وزیراعظم نے ملاقات کے لئے وقت نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس نومبر مولانا فضل الرحمن کے اسلام آباد دھرنا کے بعد سے چوہدری برادران کے وزیراعظم عمران خان سے تعلقات کشیدہ چلے آرہے ہیں، اس سے قبل بھی  وزیراعظم نے نیب کیسز میں ملوث پرویز الہیٰ کے  فرزند مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر بنانے سے انکار کردیا تھا، جس پر پرویز الہیٰ مسلسل اپنی اتحادی حکومت پر مختلف ایشوز پر تنقید کرتے آرہے تھے ، تاہم ذرائع کےمطابق نومبر کے دھرنے میں چوہدری برادران کے مشکوک کردار نے وزیراعظم عمران خان کو ان  سے بدظن کردیا ،اور 9ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود وزیراعظم نے ایک بار بھی چوہدری برادران سے ملاقات نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں چوہدری برادران نے حکومت کو  سیاسی طور پر دباو میں لانے کیلئے ہر ممکن سیاسی چالیں چلیں اور پرویز الہیٰ نے بالخصوص حمزہ شہباز کے نہ صرف ہر اجلاس میں پروڈکشن آرڈر جاری کئے ،بلکہ ان سے طویل ملاقاتیں بھی کیں، اس دوران بار بار میڈیا پر یہ تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی ،کہ ن لیگ  کی مدد سے پرویز الہیٰ پنجاب کی وزارت اعلیٰ حاصل کرنے جارہے ہیں، تاہم وزیراعظم عمران خان نے ان کا کوئی اثرنہ لیا اور چوہدری برداران سے رابطہ یا ملاقات نہیں کی۔

اس دوران چوہدری برادران کے خلاف ناجائز اثاثوں اور منی لانڈرنگ کا کیس بھی نیب میں کھل گیا ہے، اور اس میں جو مضبوط شواہد نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کئے ہیں، اس کے بعد سیاسی چالوں کے ماہر چوہدری برادران خود کو مشکل میں محسوس کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والے قائد لیگ کے اجلاس میں بھی پارٹی رہنماؤں نے چوہدری برادران کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان سے تعلقات بہتر بنائیں ، ورنہ اس سے پارٹی کو نقصان ہوگا، ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو دباؤ میں لے کرمطالبات منوانے کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے، اور اب پنجاب حکومت میں بھی ان کے کام نہیں ہورہے، جس سے انہیں سیاسی نقصان ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس کے بعد چوہدری برادران نے پی ٹی آئی کے بعض رہنماوں سے رابطے کرکے وزیراعظم سے ملاقات کرانے کی خواہش ظاہر کی ، تاہم جمعہ کوعمران خان جب  لاہور آئے تو ایک بار پھر چوہدری برادران کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، اور وزیراعظم نے انہیں کسی پروگرام میں نہیں بلایا۔

اس حوالے سے قائد لیگ کے ذرائع کا کہناہے کہ پارٹی حکومت کے ساتھ ہے، اور امید  ہے کہ جلد ہی وزیراعظم سے چوہدری برادران کی ملاقات ہوجائے گی ، جس میں غلط فہمیاں دور کرلی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.