فنڈ کھانے والے ارکان مستعفی ہوں، اٹلی کے سیاسی رہنما مطالبے پر متفق

0

روم: اطالوی وزیر خارجہ لیوگی ڈی مائیو نے کرونا بیروزگاری فنڈ لینے میں ملوث 5 ارکان پارلیمنٹ سے استعفوں کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ دائیں بازو کے رہنما ماتیو سالوینی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی ان ارکان کا طرز عمل شرمناک قرار دیا ہے،اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ یہ پانچوں ارکان جو ما ہانہ حکومت سے 13 ہزار وصول کرتے ہیں ، انہیں سامنے آکر قوم کے سامنے اعتراف کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہ اطالوی قوم کا حق ہے کہ وہ یہ جان سکیں کہ ان کے کون سے نمائندے ان کے فنڈز کو غلط طریقے سے استعمال کرنے میں ملوث ہیں، ایسے ارکان کو عوامی نمائندگی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ،یہ ارکان دنیا بھر میں اٹلی کی بدنامی کا سبب بنے ہیں۔

اطالوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے اسپیکر اور فائیو اسٹار موومنٹ کے رہنما رابرٹو فیکو نے کہا ہے کہ یہ ارکان قوم کے پیسے فوری واپس کریں ، انہوں نے کہا کہ ان ارکان نے  پیسے وصول کرکے قانونی اور اخلاقی طور پر غلط کیا،  لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے  عوام کیلئے مختص فنڈ وصول کرنا شرمناک ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس کی ذمہ دارحکومت بھی ہے ، جس نے ایسے قوانین بنائے جن سے غلط فائدہ اٹھایا گیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نکولا زنگراتی اور اطالیہ ویوا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیرزراعت ٹریسا بیلانووا نے کہا ہے کہ ان پانچوں ارکان کو فوری استعفیٰ دینا چاہئے ،دوسری طرف اطالوی سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے بھی شدید ردعمل کا اظہار جاری ہے، اور ان ارکان کے نام سامنے لانے کے لئے ہیش ٹیگ  ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.