اسکول کھولنے پر اطالوی حکومت ڈٹ گئی 

0

روم: اٹلی میں حکومت 14 ستمبر سے ہر حال میں اسکول کھولنے کے عزم کا اعادہ کررہی ہے، تو دوسری جانب اسکولوں کے سربراہان کی ایسوسی ایشن نے ملک میں کرونا کے کیس پھر بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اس بات پر قانونی تحفظ دیا جائے کہ اگر ان کے اسکول میں کرونا پھیلتا ہے، تو اس کا ذمہ دار وہاں کے سربراہ کو قرار نہیں دیا جائے گا۔

نیشنل ایسوسی ایشن آف ہیڈ ٹیچرز کے سربراہ انتونیلو گینالی کا کہنا ہے کہ ہم اسکولوں میں صحت کے پروٹوکول پر مکمل عمل کرائیں گے، اس کے باوجود وائرس سامنے آتا ہے تو اس کا ذمہ دار کسی صورت اسکول کے سربراہ کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکولوں کے حوالے سے ڈگری میں انہیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کرے۔

اٹلی میں اسکولوں کے لئے نئی ایس او پیز کے مطابق طلبا میں 3 فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، اور اس کے لئے حکومت لاکھوں سنگل بینچ خرید رہی ہے، تاہم بعض اسکولوں کا کہنا ہے کہ انہیں اکتوبر سے پہلے یہ بینچ ملنے کی امید نہیں ہے ۔

دوسری طرف اٹلی کی اعلیٰ صحت کونسل کے سربراہ فرانکو لوکاتلی کا کہنا ہے کہ حکومت پلان کے مطابق ستمبر میں اسکول کھول دے گی، اور اس حوالے سے مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کے کیس حالیہ دنوں میں بڑھے ہیں، لیکن ہم وبا کو کنٹرول کرسکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے کیس بڑھنے کی ایک وجہ اطالوی شہریوں کا سیاحتی سفر ہوسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.