پاکستان میں اسمارٹ موبائل فونز تیار کرنے کیلئے بڑی عالمی کمپنی تیار

0

اسلام آباد: حکومت کی طرف سے موبائل فونز کی رجسٹریشن اور درآمدی فونز پر ٹیکس عائد کرنے کے ثمرات سامنے آنے لگے، چھوٹی کمپنیوں کے بعد دنیا کی ایک بڑی فون ساز کمپنی نے بھی پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔

اس حوالے سے حکومت سے رابطہ کرلیا ہے ، پلانٹ لگنے کی صورت میں پاکستانیوں کو سستے فون مل سکیں گے۔

دوسری طرف ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جبکہ فونز درآمد کرنے پر خرچ ہونے والا زرمبادلہ بھی بچے گا۔

جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے پاکستان میں موبائل فونز اسمبلنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی کے ایم ڈی نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر سے ملاقات کی ہے ، جس میں انہوں نے مجوزہ پلانٹ کے بارے میں بات چیت کی، وفاقی وزیر نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

سام سنگ کے ایم ڈی اور سی ای او سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر حماد اظہر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ سام سنگ کے اعلیٰ حکام نے حکومتی پالیسی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اسمارٹ فون اسمبلنگ پلانٹ کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.