چین نے پاکستان کو تھپکی دے دی، سعودی ناراضگی کا سی پیک سے تعلق؟

0

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو دباٶ میں لینے کے لئے اچانک ایک ارب ڈالر واپس لئے، تو چین نے کیوں فوری طور پر پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کردیئے، سعودی ناراضی کی وجہ صرف پاکستان کی ترکی سے بڑھتی قربت ہے یا اس میں کچھ دوسرے عوامل بھی کارفرما ہیں؟ اور پاکستان نے اس بار کیوں سعودی عرب کے آگے جھکنے سے انکار کیا ؟۔

ان سوالات کے جوابات اب آہستہ آہستہ سامنے آنے لگے ہیں، چین نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نہ صرف غیرمعمولی استقبال کیا ہے، بلکہ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان کے ناراض دوستوں کو بھی پیغام دے دیا ہے کہ وہ ان کی کمی بھی پوری کرنے کے لئے تیار ہے۔

چین نے پاکستان کو آزاد اور اپنے مفاد میں خارجہ پالیسی چلانے کے لئے بھی بھرپور تھپکی دے دی ہے، مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کی سلامتی، خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو اپنے قومی مفاد کے مطابق ترقی کا راستہ چننے کا حق حاصل ہے، تاکہ اس کی بیرونی سلامتی کی صورتحال بھی بہتر ہو، اور وہ خطے اور عالمی سطح پر زیادہ تعمیری کردار ادا کرسکے۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشترکہ بیان میں پاکستان کو ترقی کیلئے راستہ چننے کا جملہ شامل کرنا غیر معمولی ہے، اور اس کے ذریعہ پاکستان کے ان دوستوں کو پیغام دیا گیا ہے، جو بالخصوص سی پیک اور اس میں ایران کی مستقبل میں شمولیت پر پریشان ہیں، اور پاکستان پر دباٶ ڈالنے کی کوشش کررہے تھے۔
ذرائع کے مطابق چینی قیادت نے پاکستان کو یقین دہانی کرادی ہے کہ مستقبل میں بھی وہ پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھے گی، اور کسی ملک کو بھی اجازت نہیں دے گی کہ وہ پاکستان کو بحران کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.