لداخ میں چین نے ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کرلیا، ایک اور بھارتی کمانڈو ہلاک

0

 لداخ:  چین اور بھارت میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے، اور پیپلز لبریشن آرمی نے ایک اور بھارتی کمانڈو کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق بھارتی آرمی کی اسپیشل فورس کا ایک فوجی  چین کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوا ہے، جبکہ  لڑائی کے دوران متعدد بھارتی فوجی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی بڑھتی چلی جارہی ہے۔

دوسری جانب بیجنگ اور نئی دہلی ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے اب تک چینی فوج کے ساتھ جھڑپ میں فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ، تاہم تبت کے ایک رکن اسمبلی ڈولکر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بھارتی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اطلاعات کےمطابق بھارتی کمانڈو کو گشت کے دوران  نشانہ بنایا گیا،  آنجہانی اہلکار کی فیملی کے ساتھ تصویر بھی سوشل میڈیا پر گشت کررہی ہے، مرنے والا اہلکار بھارتی فوج کی تبتی کمپنی کا سربراہ تھا، اس کا نام Nyima Tenzin بتایا جارہا ہے۔

اس سے قبل بھارتی اخبار دی ہندو نے انکشاف کیا تھا کہ مرکزی حکومت کو ملنے والی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق لائن آف ایکچوئل کنٹرول کیساتھ لداخ کا تقریباً ایک ہزار مربع کلو میٹر کا علاقہ اس وقت چین کے زیر کنٹرول ہے، اور وہ علاقے میں مسلسل اپنی پوزیشن مستحکم کررہا ہے۔

دوسری طرف برطانوی خبر ایجنسی  کا کہنا ہے کہ بھارت نے ریاست ارونچل پرادیش کے مشرقی ضلعے انجاؤ میں فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا، جس پر چین بھی دعویٰ رکھتا  ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.