فضائی حدود کھولنے سے سعودی عرب اور اسرائیلی حکام میں رابطوں کی راہ ہموار

0

ریاض: سعودی عرب نے اسرائیل سے دوستی کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے اپنی فضائی حدود اس کے لئے کھول دی ہیں ، اس طرح دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان مستقل رابطہ کا ذریعہ بھی کھل گیا ہے، پروازوں کی آمدو رفت کے لئے دونوں ملکوں کے ایوی ایشن حکام رابطے کرسکیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے تمام ممالک کے طیاروں کو متحدہ عرب امارات میں پہنچنے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے ، جب امریکی صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد جئیر ڈ کشنر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔

فضائی حدود کھولنے کی اطلاع سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کے روز دی ہے، تاہم اس سے دو روز پہلے ہی اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی کے طیارے نے یو اے ای تک براہ راست پرواز کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کی تھیں۔

اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ایل آل کے مسافر طیارے نے سوموار کو تل ابیب سے اڑان بھری تھی اور وہ سعودی حدود سے پرواز کرتا ہوا ابو ظہبی پہنچا تھا، اس طرح اس کا فاصلہ اور سفر کا دورانیہ کم ہوگیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اب اسرائیل سے دوسرے ممالک کے طیارے بھی ابوظبی اور دبئی کے لیے سعودی عرب کے راستے براہ راست پروازیں چلائیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ اب اسرائیلی پروازیں سعودی حدود سے پرواز کرسکیں گی ، جس سے بہت سے روٹس پر فاصلہ سمٹ جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.