بیوہ ماں کے اکلوتے سہارے لیفٹیننٹ ناصر سمیت 3 جوان وطن پر قربان

0

وزیرستان:شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے افسر سمیت  تین اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے،  دہشت گردوں نے بارودی مواد کو سڑک کے کنارے  نصب کر رکھا تھا،علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گیروم  میں سڑک کی تعمیر پر مامور کمپنی کی حفاظت کے لئے تعینات پاک فوج کے جوان دہشت گردی کا نشانہ بن گئے، سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ  پھٹنے سے لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد، نائیک محمد عمران اور سپاہی عثمان اختر شہید ہوگئے جبکہ 4 اہلکار زخمی  بھی ہوئے ہیں۔

لیفٹیننٹ ناصرحسین خالد کا تعلق مظفر آباد سے تھا، اور ان کی عمر 23 برس تھی،  پاکستان ملٹری اکیڈمی میں تربیت کے دوران ان کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں رائل ملٹری کالج آسٹریلیا میں بھی تربیت کے لئے منتخب کیا گیا تھا، جہاں سے انہوں نے گریجویشن کی تھی، لیفٹیننٹ ناصر خالد ایک شہید پولیس آفیسر کے اکلوتے بیٹے اور اپنی ماں کا واحد سہارا تھا۔

نائیک محمد عمران  کا تعلق  فیصل آباد سے تھا اور ان کی عمر 33 برس تھی، جبکہ سپاہی 30 سالہ عثمان اختر راولپنڈی سے تعلق رکھتے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.