دبئی میں چھٹی نہ ملنے پر ملازم نے کیا کردیا

0

دبئی: کرغزستان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ ایک ملازم نے چھٹی نہ دینے پر اپنے منیجر کا گلا کاٹ دیا، اور اس کے بعد فرار کی کوشش کی، لیکن قسمت خراب تھی کہ پکڑا گیا، ملزم نے پولیس کے سامنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، اور اب جیل میں مقدمہ کے فیصلے کا منتظر ہے۔

دبئی کی عدالت میں چلنے والے قتل کے مقدمے میں کرغزستان سے تعلق رکھنے والا 21 سالہ ملزم نامزد ہے، مذکورہ ملزم القوز صنعتی ایریا کے ایک گیراج میں کام کرتا تھا، جون میں اس نے اپنے منیجر سے چھٹی مانگی، جس پر اس نے انکار کردیا، انکار پر اس کی تلخ کلامی بھی ہوئی، یہ رنجش اس نے دل میں پال لی اور پھر ایک دن موقع ملنے پر منیجر کا گلا کاٹ دیا،اور ہتھوڑے سے اس کا سر بھی کچلادیا تھا۔

خلیجی اخبار میں شائع رپورٹ کےمطابق دبئی پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملی، اورتحقیقات شروع ہوئیں، تویہ بات سامنے آئی کہ جس وقت  منیجر کو قتل کیا گیا، اس وقت باقی ملازمین وہاں سے وقفے کیلئے گئے ہوئے تھے، لیکن ملزم اس دن وہیں موجود رہا تھا، اس کے علاوہ قتل کی اس واردات کے بعد ملزم وہاں سے غائب بھی تھا، جس نے اس کے ملوث ہونے کے شبہ کو تقویت دی۔ ملزم نے قتل کی اس واردات کے بعد واپس کرغزستان فرار ہونے کی کوشش کی، وہ منیجر کو مارنے کے بعد سیدھا ائرپورٹ پہنچا لیکن کرونا بحران کی وجہ سے وہاں کوئی پرواز دستیاب نہیں تھی، اس کے بعد دوسرے روز دبئی میں اپنے ملک کے قونصلیٹ پہنچ گیا، اوراپنا جرم بتائے بغیر وہاں کے عملے سے ملک میں واپسی کے لئے مدد طلب کی۔

تاہم پولیس نے اسے قونصلیٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا، گرفتاری کے بعد ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کرلیا اور کہا کہ جب اس کے ساتھی گیراج سے چلے گئے، تو اس نے دروازہ اندر سے لاک کیا اور چاقو سے منیجر پر حملہ کردیا، وہ چھٹی نہ ملنے اور تضحیک پر بہت غصے میں تھا، اس لئے  منیجر کا گلا ہی کاٹ دیا، لیکن پھر بھی اس کی سانس چل رہی تھی، جس پر اس نے ہتھوڑے سے اس کا سر بھی کچلا، ملزم کے مقدمے کی سماعت اکتوبر میں ہونی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.