خاتون سے زیادتی میں ملوث مجرموں کا گھیرا تنگ، اہم شواہد مل گئے

0

لاہور: موٹر وے پر لاہور کے قریب خاتون سے زیادتی میں ملوث درندوں کا پولیس نے گھیرا تنگ کردیا ہے، زیادتی کے مقام کی جیو فینسنگ مکمل، قریبی دیہاتوں پر فوکس، پولیس کو اہم شواہد مل گئے ہیں، اور توقع ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گجر پورہ کے قریب سیالکوٹ موٹروے لنک روڈ پر خاتون سے بچوں کے سامنے زیادتی کرنے والے ملزمان کا پولیس نے گھیرا تنگ کردیا ہے، وقوعہ کے قریب 3 سے 5 کلومیٹر کی حدود میں واقع 3 دیہات پر پولیس کا فوکس ہے،زیادتی کے مقام کی جیو فینسنگ کرلی گئی ہے،تاکہ وہاں جو موبائل فون استعمال ہوئے ہیں، ان کا ڈیٹا نکالا جاسکے، اس کے ساتھ تینوں دیہات میں گھروں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی 26 ٹیمیں مجرموں کی تلاش میں ہیں ، اور اب تک ملنے والے شواہد کے بعد کرول گاؤں کو مارک کرلیا گیا ہے، پولیس نے 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، دوسری طرف خاتون کو کار سے نکالنے کے لئے مجرموں نے شیشہ توڑا تھا اور اس دوران ان درندوں کو زخم بھی آیا، جس کا خون کار پر موجود تھا، پولیس نے اس خون کے نمونے لے کر ڈی این اے کے لئے بھیج دیا ہے، جس سے مجرموں کی شناخت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے بھی تصدیق کی ہے کہ مجرموں کے قریب پہنچ گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ اہم شواہد مل گئے ہیں ، اور مجرم جلد پکڑ لئے جائیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.