تنخواہ چند ہزار لیکن گھر سے خزانہ برآمد

0

لاہور: چند ہزار تنخواہ لینے والے محکمہ ایکسائز کے ایک سابق انسپکٹر کے گھر نیب کا چھاپہ، گھر سے خزانہ برآمد، اہلکاروں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں، یہ خزانہ بنانے والا کمال مہارت سے ساری زندگی ہر ایک کو چکمہ دیتا رہا، لیکن بالاخر قانون کے شکنجے میں آہی گیا۔

تفصیلات کےمطابق قومی احتساب بیورو نے محکمہ ایکسائز کے ایک سابق انسپکٹر کے گھر چھاپہ مارا، تو نیب اہلکاروں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں، کیوں کہ وہ گھر کم اور کسی بینک کا بڑا سیف ہاؤس زیادہ لگ رہا تھا، جہاں نوٹوں کے انبار موجود تھے۔

نیب لاہور کے ترجمان ذیشان انور نے بتایا کہ ملزم کے گھر سے چھاپے کے دوران 33 کروڑ روپے کیش اور پرائز بانڈ کی صورت میں برآمد  ہوئے ہی، گزشتہ ایک سال سے نیب لاہور محکمہ ایکسائز کے ریٹائرڈ انسپکٹر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کررہا تھا، ٹیم اصل میں تو ملزم کو گرفتار کرنے گئی تھی، لیکن جب گھر کی تلاشی لی گئی، تو نوٹوں کی بوریاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے 2018 کی ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے کالے دھن کو بھی سفید کیا تھا، حالانکہ اس وقت وہ سرکاری ملازم ہوتے ہوئے اس کے اہل نہیں تھے۔

نیب ترجمان کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں 2013 سے 2017 تک 22 کروڑ روپے سے زائد کا سرمایہ بیرون ملک سے منتقل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، اس کے علاوہ ملزم کی اہلیہ کے بھی 19 کروڑ روپے کے لگ بھگ کے اثاثوں کا سراغ ملا ہے، مبینہ طور پر وہ ملزم کے بے نامی اثاثے تھے، جو انہوں نے اپنی بیوی کے نام پر بنا رکھے تھے۔

نیب ترجمان کے مطابق مبینہ طور پر ملزم کی لاہور کی مختلف مہنگی رہائشی اسکیموں میں بھی 20 کروڑ روپے سے زائد کی جائیدادوں کا بھی پتہ لگایا گیا ہے۔ ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی لے لیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.