اسکول کھلنے سے پہلے اٹلی میں عملے کے کروٹا ٹیسٹ, کتنے مریض نکلے

0

روم: اٹلی میں 14 ستمبر بروز پیر سے اسکول کھلنے جارہے ہیں اور اس سے پہلے اسکولوں کے عملے کے کرونا ٹیسٹ لئے جارہے ہیں، تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے، اب تک اسکولوں کے نصف اسٹاف کے ٹیسٹ لئے جاچکے ہیں، اور ان کے نتائج  بھی سامنے آگئے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق اٹلی میں  پیر سے اسکول کھلنے جارہے ہیں، بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اطالوی حکومت اسکولوں کے عملے بشمول اساتذہ کے کرونا ٹیسٹ کررہی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ تقریبا ًنصف عملے کے ٹیسٹ مکمل کئے جاچکے ہیں اور ان کے نتائج بھی ساتھ ساتھ آتے جارہے ہیں، اب تک تقریباً 5 لاکھ ٹیسٹ لئے جاچکے ہیں، اور حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 13 ہزار کے قریب میں کرونا پازیٹو آیا ہے، جو کم و بیش ڈھائی فیصد کی شرح بنتی ہے، اس وقت اٹلی میں کرونا پازیٹو کی شرح 2 اعشاریہ 2 ہے، اس طرح اسکولوں کے عملے میں شرح  معمولی سی زیادہ آئی ہے۔

متاثرہ عملہ کیا کرے گا

اٹلی کے کرونا وائرس سے متعلق کمشنر ڈومنیکو ارکوری نے اطالوی میڈیا کو بتایا ہے کہ ٹیسٹنگ سے بہت فائدہ ہوا ہے، جن 13 ہزار افراد میں کرونا پازیٹو آیا ہے، وہ اسکولوں میں نہیں جائیں گے، اور اس کا مطلب ہے کہ یہ وبا مزید آگے نہیں پھیلے  گی۔

اٹلی کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق آنے والے دنوں اور ہفتوں میں اسکولوں میں ٹیسٹنگ کا یہ عمل جاری رہے گا،  حکومت نے مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد ٹیسٹنگ کٹس اسکولوں کو فراہم کی ہیں۔ اٹلی میں اساتذہ سمیت اسکول عملے کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار ہے، ان میں روم کے لازیو ریجن میں 2 لاکھ کا عملہ ہے، اور لازیو ریجن خود  ٹیسٹنگ کررہا ہے، اس طرح مرکزی حکومت کی طرف سے 9 لاکھ 70 ہزار عملہ ٹیسٹنگ مکمل کی جائے گی۔ اطالوی حکومت پرامید ہے کہ اب ملک میں دوبارہ کرونا کا پہلے جیسا بحران پیدا نہیں ہوگا۔

قرنطینہ پیریڈ میں کمی

 اٹلی میں حکومت کی سائنسی کمیٹی کرونا سے متاثرہ افراد کے لئے قرنطینہ کی مدت بھی 14 سے کم کرکے 10 روز کرنے پر غور کررہی ہے، اور توقع ہے کہ اگلے چند روز میں اس بارے میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر سائنسدان اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کرونا مریض 10 روز کے بعد دوسروں کو متاثر نہیں کرتا، اس لئے کئی ممالک پہلے ہی قرنطینہ کی مدت میں کمی کرچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.