ترک جہاز واپس، یونان نے فوج بڑھانے اور ہتھیار خریدنے کا اعلان کردیا

0

ایتھنز: یونانی حکومت نے ترکی کی جانب سے بحیرہ روم کے متنازع علاقے میں تیل و گیس کی تلاش میں مصروف جہاز واپس بلانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، جبکہ دوسری جانب یونان نے اپنی فوج کی نفری بڑھانے اور جدید ہتھیاروں کی خریداری کا بھی اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یونانی حکومت کے ترجمان نے اتوار کے روز برطانوی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ترکی کا اقدام مثبت پیش رفت ہے، اور ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، واضح رہے کہ یونان اور ترکی کے درمیان تیل اور گیس کو نکالنے کے لیے سمندر میں ڈرلنگ کے معاملے پرایک عرصے سے کشیدگی پائی جارہی ہے، دونوں ممالک ہی مشرقی بحیرہ روم پر ملکیت کے دعوے دار ہیں۔

فوجی صلاحیتوں میں اضافہ 

یونان نے ترکی کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں فوج کی تعداد میں 15 ہزار اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ فرانس سے جدید 18 رافیل طیارے، 4 فریگیٹ اور 4 نیوی ہیلی کاپٹر خریدنے کا اعلان کیا گیا ہے، یونانی وزیراعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم ملک کا دفاع مضبوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، مغربی خبر ایجنسی کے مطابق یونان نے ٹینک شکن ہتھیار اور فضائیہ کے لئے میزائل بھی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ گزشتہ دو دہائیوں میں یونان کی جانب سے سب سے بڑی دفاعی خریداری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.