برطانیہ کے یورپی یونین پر سنگین الزامات، جرمنی نے بھی جواب دیدیا

0

برلن: بریگزٹ کے معاملے پر یورپی یونین اور برطانیہ میں اختلافات پھر بڑھتے جارہے ہیں، جرمنی نے برطانیہ کو خبردار کیا کہ کسی متفقہ معاہدے کے بغیر یورپی یونین سے نکلنے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں،برطانیہ نے یورپی یونین پر ناکہ بندی کی کوششیں کرنے اور ملک میں بحران پیدا کرنے جیسے الزامات عائد کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے بریگزٹ کی تاریخ 31 دسمبر قریب آرہی ہے، یورپی یونین اور برطانیہ میں ایک بار پھر مسائل سامنے آنے لگے ہیں، جرمنی کے وزیر خزانہ ایلف شولٹز نے خبردار کیا ہے کہ کسی تجارتی معاہدے کے بغیر برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی صورت میں معاشی اور معاشرتی تنازعات کھڑے ہو سکتے ہیں۔ جس کی قیمت برطانیہ کو ادا کرنی پڑے گی۔

یورپی یونین کے بڑے ملک جرمنی کا یہ ردعمل ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ’’ٹیلی گراف ‘‘ میں لکھے گئے مضمون میں یورپی یونین پر الزام لگایا تھا کہ وہ شمالی آئرلینڈ میں خوراک کی ناکہ بندی کی دھمکی دے رہی ہے، جس سے برطانیہ کی یکجہتی خطرہ میں پڑسکتی ہے، انہوں نے لکھا تھا کہ یورپی یونین شمالی آئرلینڈ کے بارے میں قوانین کی غلط تشریح کررہی ہے۔

برطانوی وزیراعظم اب یورپی یونین کے ساتھ معاہدے میں ترمیم کے لئے بھی کوشاں ہیں، تاہم ان کی اپنی جماعت ٹوری کے کئی ارکان نے بھی بورس جونسن کے اس منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تنازعہ کیا ہے؟

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان نیا تنازعہ اس وقت شروع ہوا، جب برطانیہ نے تجارت کے حوالے سے کچھ رعائتوں کے لئے دروازہ کھولنے کی کوشش کی، برطانیہ کو بالخصوص شمالی آئرلینڈ کے حوالے سے تشویش ہے، جس کا بڑا انحصار یورپی یونین کے رکن آئرلینڈ پر ہے، تاہم برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کی ڈیڈ لائن تک معاہدے کا بظاہر کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.