اٹلی میں پاکستانیوں کا گینگ

0

بلوونیا: برے کام کا برا انجام، اٹلی میں روزگار کی تلاش کیلئے آنے والے پاکستانیوں نے گینگ بنالیا، جسے اب اطالوی پولیس نے پکڑ لیا ہے، گروہ ہم وطن پاکستانیوں سمیت دیگر افراد پر حملوں میں ملوث تھا، ملزمان نے ہاتھوں پر اپنے گینگ کے نام کے ٹیٹو بھی بنوا رکھے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی پولیس نے بلوونیا میں آپریشن کے دوران ’’اے کے47 گینگ‘‘ کے 11 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے، یہ گینگ پاکستانیوں پر مشتمل تھا، پولیس نے گینگ کے قبضے سے خطرناک چاقو اور دیگر غیر قانونی اشیا بھی برآمد کرلی، پولیس کے مطابق پاکستانیوں پر مشتمل یہ گینگ کم ازکم 2 حملوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے ان گرفتار پاکستانی گینگ کے کارندوں پر ہتھیار رکھنے، حملہ کرنے اور رہزنی کے الزامات میں مقدمہ درج کیا ہے، پولیس نے ملزمان کے موبائل فون بھی تحویل میں لئے ہیں اور ان سے ڈیٹا حاصل کرکے مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

ہم وطن پاکستانیوں سمیت دیگر پر حملوں میں ملوث

اطالوی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس پاکستانی گینگ نے پہلی واردات گزشتہ برس اگست میں کی تھی، جس کے دوران رومانیہ کے ایک شہری پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہوا تھا، ’’اے کے47 گینگ‘‘ نے دوسرا حملہ دسمبر میں اپنے تین ہم وطنوں پر ہی کیا، اس حملہ کی وجہ ایک پاکستانی لڑکی بنی، گینگ کے 15 ارکان نے تین پاکستانی نوجوانون پر حملہ کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان نے ان کے پاس موجود پیسے اور فون وغیرہ بھی لوٹ لئے، اس حملے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے جبکہ تیسرے ساتھی نے قریبی بار میں چھپ کر جان بچائی۔

دوسرے حملے کے بعد اطالوی پولیس نے گینگ کی تلاش شروع کی، اور سوشل میڈیا سائٹس ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹا گرام کی اسکیننگ کے بعد پولیس گینگ کے 10 کارندوں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کو گرفتار کیا جو رومانیہ کے شہری پر حملے میں ملوث تھے، بعد ازاں دوسرےحملے میں ملوث ان کے 9 ساتھی بھی پکڑے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.