اسپین میں کرونا کا پھیلاؤ تیز، میڈرڈ میں جزوی لاک ڈاؤن

0

میڈرڈ:اسپین میں کرونا  کی دوسری لہر کے بعد حکام نے دارالحکومت میڈرڈ کے 37 زونز میں نئی پابندیاں نافذ کردی ہیں،پابندیاں ان زونز میں لگائی گئی ہیں، جن میں کرونا کے زیادہ کیسز سامنے آرہے تھے،پابندیوں پر عمل کرانے کیلئےاضافی اہلکار تعینات کردئیے گئے، جبکہ جرمانوں کی شرح میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئےمیڈرڈ کے 37 زونز میں ہسپانوی حکام نے نئی پابندیاں  لگادی ہیں، ان زونز میں کرونا کے زیادہ کیسز سامنے آرہے تھے،حکام نے پابندیوں پر عمل کرانے کے لئے مقامی پولیس کے ساتھ نیشنل پولیس اور سول گارڈز کو بھی تعینات کردیا ہے، حکام نے پانچ درجن سے زائد چوکیاں بھی قائم کردی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیر سے پابندیوں کا اطلاق کردیا گیا ہے، تاہم ابتدائی 2 دن خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے نہیں کئے جائیں گے، بلکہ اہلکار انہیں سمجھائیں اور احساس دلائیں گے  کہ پابندیاں کس قدر ضروری ہیں،تاہم بدھ سے اگر کوئی خلاف ورزی کرتا پایا گیا،تو600 سے لے کر 6 لاکھ یورو تک کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔

نئی پابندیاں کیا ہیں؟

نئی پابندیوں کے تحت ان 37 زونز کے رہائشی  اپنے علاقے تک محدود رہیں گے، تاہم انہیں کام،تعلیم یا علاج کے لئے اپنے زون سے باہر جانے کی اجازت ہوگی، اسی طرح طبی یا انتظامی اپوائنٹمنٹ پر بھی  ان علاقوں سے باہر جایا جاسکتا ہے،پابندی والے زونز میں  دکانیں اور ریستورانزکو رات 10بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح 6 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر بھی پابندی لگادی گئی ہےاور اس پابندی کا اطلاق پورے میڈرڈ پر کیا گیا ہے۔حکومت نے  پابندی والے زونز میں پارک اور کھیل کے میدان بند کردئیے ہیں، سینما، تھیٹر، اسپورٹس سینٹر اور لائبریریاں کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم وہ اپنی گنجائش سے صرف 50 فیصد افراد کو قبول کرنے کے پابند ہوں گے ۔

ان زونز میں داخلے یا ان سے باہر جانے کے لئے فارم کا بھرنا ضروری قرار دیا گیا ہے، مذکورہ فارم انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ  کیا جاسکتا ہے، پولیس کی چیک پوسٹوں پر  طلب کرنے پر متعلقہ فرد کو یہ فارم دکھانا ہوگا، جس میں ان علاقوں سےباہر جانے یااندر جانے کی وجہ تحریر کرنا ہوگی۔ ملازمت کیلئے جانے کی صورت میں مالک کے دستخط بھی ضروری ہوں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.