سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانیوں کا روزگار بچ گیا

0

اسلام آباد: سعودی عرب کے اقامے رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، وزیراعظم کی مداخلت کے بعد سعودی حکومت نے پی آئی اے کو اضافی پروازوں کی اجازت دے دی ہے، جن کے ذریعہ ہزاروں پاکستانیوں کو واپس  سعودی عرب پہنچایا جاسکے گا، دوسری طرف سعودی عرب نے بھارت کیلئے پروازوں پر پابندی لگادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کرونا کی وجہ سے اپنے ملکوں میں پھنس جانے والے غیر ملکی ورکرز کو 30 ستمبر تک واپسی کی مہلت دی تھی، تاہم پروازوں کی کمی کی وجہ سے پاکستانی ورکرز کو ٹکٹوں کے حصول میں پریشانی کا سامنا   تھا، اور گزشتہ روز اسلام آباد میں اس حوالے سے مظاہرہ بھی ہوا تھا، پروازوں کی کمی کی وجہ سے خدشہ تھا کہ ہزاروں پاکستانی کارکن 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن تک سعودی عرب واپس نہیں جاسکیں گے، اور یوں ان کی ملازمتیں ختم ہوسکتی تھیں، اس حوالے سے پی آئی اے کے سی ای او ائر وائس مارشل ارشد ملک مسلسل متحرک تھے اور انہوں نے سعودی سفیر سے بھی ملاقات کرکے اضافی پروازوں کی اجازت لینے کے لئے مدد مانگی تھی۔

وزیراعظم کی مداخلت

حکام کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں کی اجازت ملنے میں تاخیر ہورہی تھی اور دوسری طرف پاکستانی ورکرز کی پریشانی بڑھتی جارہی تھی، جس پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے وزیراعظم سے مداخلت کی درخواست کی، وزیراعظم  کی کوششوں سے سعودیہ نے بدھ کو 21 اضافی پروازوں کی اجازت دے دی، جو 30 ستمبر تک چلائی جائیں گی، اس طرح   ہزاروں  پاکستانیوں کا سعودیہ میں روزگار بچ  جائے گا، واضح رہے کہ پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب کیلئے پہلے سے چل رہی تھیں، لیکن 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن کی وجہ سے رش میں اس قدر اضافہ ہوگیا تھا کہ اضافی پروازوں کی اجازت نہ ملتی تو ہزاروں پاکستانی بروقت سعودیہ واپسی سے محروم رہ سکتے تھے۔

بھارت پر پابندی

سعودی عرب نے بھارت، برازیل اور ارجنٹائن  میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کی وجہ سے فضائی  آمدورفت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کیلئے تمام پروازوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.