عدالت نے نوازشریف کو دھوکے باز قرار دیدیا، سفارتکار کا بیان لینے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: بار بار نوٹسز اور وارنٹ جاری ہونے کے باوجود لندن سے واپس آکر پیش نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کا رویہ شرمناک قرار دے دیا، مجرم  کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے لندن میں وارنٹ کی تعمیل کیلئے کوشش کرنے والے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ۔

دوسری طرف برطانیہ میں دولت مشترکہ آفس نے نوازشریف کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ تعاون سے انکار کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ مجرم نوازشریف حکومت اورعوام کو دھوکا دے کر گئے ہیں، وہ لندن میں بیٹھ کر حکومت اور عوام پر ہنستا ہوگا، یہ پورے نظام کے لئے شرمندگی کا مقام ہے، حکومت آئندہ ایسے کسی ملزم کو اس طرح نہ جانے دے۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت شروع کی تو وفاق کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر دوبارہ پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے وارنٹس کی تعمیل کے لیے گئے، لیکن وہاں موجود وقار نامی  شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا۔

عدالت نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل بیان دے چکے ہیں کہ انہیں وارنٹ گرفتاری کا علم ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ حکومت جو کچھ کرسکتی ہے کرے، جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہزاروں کیسز ہیں اور ہم اس پر بیٹھ کر اپنا وقت ضائع کررہے ہیں، ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست گزار نواز شریف تو پوری قوم سے خطاب کررہا ہے، کیا ہم لکھ سکتے ہیں کہ ملزم نواز شریف کہیں روپوش ہوا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہائی کمیشن نے دولت مشترکہ آفس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا، آفس نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد ہمارا اختیار نہیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس کا مطلب ہے وہ  ہمیں سہولت دینے کو تیار نہیں، ابھی جو آفیشل دستاویزات آرہی ہیں اسے ریکارڈ کا حصہ بنائیں گے، پھر مفرور قرار دیں گے۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے قلم بند کیا جاسکتا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.