امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر

0

اسلام آباد: وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے، وہ ایڈمرل ظفرعباسی کی ریٹائرمنٹ پر پاک بحریہ کی کمان سنبھالیں گے، وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر صدر ڈاکٹرعارف علوی نے نئے نیول چیف  کے نام کی منظوری دے دی۔

انہیں 6 اکتوبر کو عہدہ سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے، نئے نیول چیف اہم عہدوں پر تعینات رہے ہیں، اور بھارت کے ساتھ حالیہ تناوَ کے دوران محمد امجد خان نیازی نے پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی جس کے دوران پاکستانی فلیٹ نے اپنی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا  تھا۔ اس کے علاوہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیول اکیڈمی سےاعزازی تلوار بھی حاصل کی ہے، وہ چیف آف اسٹاف آپریشن سی او ایس او بھی رہے اور اپنی گراں قدر خدمات کے باعث ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور ستارہ بسالت بھی حاصل کیا۔

وائس ایڈ مرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کرکے شمولیت اختیار کی تھی، وہ آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ کے گریجویٹ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.