یونان سے تارکین وطن کی منتقلی شروع

0

ایمسٹرڈیم: ہالینڈ میں تارکین وطن کیلئے کام کرنے والے گروپ نے یونان کے جزیرے لیس بوس میں پھنسے مہاجرین میں سے 200 کولانے کیلئے وہاں چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کی تیاری کرلی ہے، وہ اگلے ہفتے اس طیارے کو لیس بوس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، دوسری طرف لیس بوس سے 139 مہاجرین جرمنی پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یونانی جزیرے لیس بوس پر آگ لگنے کے واقعے کے بعد وہاں پھنسے ہوئے تارکین وطن کو دوسرے یورپی ملکوں میں بسانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، اس حوالے سے ہالینڈ میں ایک گروپ نے چندہ جمع کر کے طیارہ چارٹرڈ کرنے کا انتظام کرلیا ہے،  اور گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ہفتےاس طیارہ کو لیس بوس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ وہاں سے 200 مہاجرین کو  ہالینڈ لایا جاسکے۔

گروپ اس طیارہ کو پیر کے روز  لیس بوس روانہ کرنے کا پروگرام رکھتا ہے، تاہم  ہالینڈ کی حکومت نے آخری اطلاعات تک گروپ کو مہاجرین ملک میں لانے کی اجازت نہیں دی تھی، اور اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ ڈچ حکومت گروپ کو اس کی اجازت دے، تاہم گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی طرف سے کوشش کرے گا، اور ناکامی سے خوفزدہ نہیں۔

جرمنی میں آمد

دوسری طرف یونانی جزیرے سے 139 مہاجرین جرمنی پہنچ گئے ہیں، جرمن وزارت داخلہ  کے مطابق ان میں 51 تنہا بچے (18 برس سے کم عمر)،اور 88 دیگر افراد شامل ہیں جن میں 17 بچے بھی شامل ہیں ، جنہیں خود یا ان کے خاندان میں سے کسی کو طبی امداد کی ضرورت تھی،  جرمن حکام کے مطابق اب ان افراد کے  لئے سیاسی پناہ کا عمل شروع کیا جائے گا،مجموعی طور پر جرمنی نے 1533 مہاجرین کو قبول کرنے کا اعلان کیا ہے، ان میں سے اب تک 609 یونان سے  جرمنی پہنچ چکے ہیں، حکام کے مطابق باقی مہاجرین بھی جلد ہی جرمنی لائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.