پاکستانیوں کیلئے اٹلی سے خوشخبری

1

روم: پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ اٹلی نے پاکستان کا نام دوبارہ ورک ویزا اسکیم میں شامل کرلیا جس کے بعد پاکستانیوں کے لئے قانونی طریقے سے اٹلی آنے کے راستے کھل گئے ہیں، گزشتہ دو برسوں سے اٹلی نے زراعت کے سیزنل ویزوں اور ورک ویزوں کی اسکیم میں پاکستان کا نام نکال دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی جانب سےپاکستان کا نام نکالنے پرپاکستانیوں کی اٹلی میں ورک پرمٹ پر آمد کے راستے بند ہوگئے تھے۔اطالوی حکومت کی طرف سے پاکستان کا نام ورک ویزوں میں شامل نہ کرنے پر پاک فیڈریشن اٹلی سمیت مختلف کمیونٹی تنظیموں نے اطالوی حکومت سے رابطے کرکے اپنے تحفظات پہنچائے تھے جبکہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارت خارجہ بھی مسلسل اطالوی حکومت سے رابطے میں رہی اور پاکستان کا نام فہرست میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔

اس کے ساتھ اٹلی کی تجارتی و زرعی تنظیموں نے بھی حکومت سے رابطے کرکے پاکستانی ورکروں کو اسکیم میں شامل کرنے کیلئے کہا تھا، کیوں کہ اٹلی کا کاروباری طبقہ پاکستانی ورکرز کو محنتی اور اچھا ورکر سمجھتا ہے اور ان کی قدر کرتا ہے، ان کوششوں کے نتیجے میں اب اٹلی نے ورک ویزوں کی نئی اسکیم میں پاکستان کا نام شامل کرلیا ہے۔

نئی اسکیم کا اعلان

اطالوی حکومت نے 30 ہزار سے زائد ورک ویزے دینے کا اعلان کیا ہے، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکریٹری آصف رضا جو اس اسکیم میں پاکستان کا نام بحال کرانے کی کوششوں میں پیش پیش رہے،انہوں نے “اپنا اطالیہ “کے لائیو فیس بک پروگرام میں اس کی تفصیلات بتائیں، انہوں نے بتایا کہ 18 ہزار ویزے زراعت کے ہیں جو سیزنل ہوتے ہیں ،یعنی چھ آٹھ ماہ کی مدت کیلئے ہوتے ہیں،پھر آپ کو واپس جانا ہوتا ہے۔

البتہ آپ دوسری بار پھر اس ویزے کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں اور دوسری  بار آنے کے بعد آپ ویزے کو مستقل پرمٹ میں بدلنے کی در خواست دے سکتے ہیں،اسکیم کے تحت 12 ہزار850 ورک ویزے رکھے گئے ہیں جن میں ایک ہزار کاروباری ویزے شامل ہیں،6 ہزار ویزے ڈرائیورز،مکینکس،تعمیرات کے شعبے یعنی مستری،پلمبر وغیرہ اور سیاحت یعنی ہوٹلنگ کے ہیں۔

آصف رضا نے بتایا کہ اس بار ویزوں کی تعداد بہت کم یعنی صرف 30 ہزار ہے جو پہلے ایک لاکھ سے زائد ہوتی تھی، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ کسی ملک کا کوٹہ نہیں رکھا گیا، پہلے اور پوری تیاری کے ساتھ اپلائی کرنے والوں کوپرمٹ جاری کردیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو مشورہ دیا کہ وہ ورک پرمٹ کیلئے ڈاکومنٹ پروفیشنل لوگوں سے تیار کروائیں تاکہ ان کی محنت اور پیسے ضائع نہ ہوں، اس کیلئے ان کا ادارہ یورو سروسز بھی خدمات فراہم کرتا ہے، کاغذات مکمل رکھے جائیں اور جیسے ہی حکومت جمع کرانے کی تاریخ دے وہ فوری جمع کرادئیے جائیں۔

ممکنہ رکاوٹ

پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اطالوی سفارتخانہ کی طرف سے فیملی ویزوں میں بہت زیادہ رکاوٹوں،معمولی چیزوں پر ویزے مسترد کرنے اور طویل انتظار کرانے کی شکایات بڑھ گئی  ہیں،اس  مسئلےپرسفارتخانہ اور ہماری فیڈریشن اطالوی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے لیکن اب تک مسائل برقرار ہیں،پاکستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ وزارت خارجہ کی سطح پر اٹلی حکومت سے بات کرے ورنہ ورک ویزا نکلنے کے بعد بھی ویزے نہ ملنے کا مسئلہ رکاوٹ بن سکتا ہے۔

1 Comment
  1. سجاد انور says

    میں آیک غریب آدمی ہو مجھے اٹلی کے ویزے ضروت ہے سرجی

Leave A Reply

Your email address will not be published.