برطانیہ جاتے تارکین غلط ٹرک میں بیٹھ کر کہاں پہنچ گئے

0

برلن: ٹرک میں چھپ کربرطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے تارکین غلطی سے جرمنی پہنچ گئے، جرمنی میں وہ موت کے منہ میں جاتے جاتے بال بال بچے، ان میں سے ایک تارک وطن کی پولیس کو کال نے ان کی زندگیاں بچالیں، پولیس نے 8 تارکین کو تحویل میں لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہالینڈ سےبرطانیہ جانے کے خواہشمند غیرقانونی تارکین کا ایک گروہ تمباکو لانے والے ٹرک میں چھپ کر بیٹھ گیا، تاہم ان سے غلطی یہ ہوگئی کہ وہ برطانیہ کے بجائے جرمنی جانے والے ٹرک میں جا چھپے، جب ٹرک جرمنی کی حدود میں داخل ہوا تو چھوٹی سی جگہ پر چھپے ہوئے،ان تارکین کا دم گھٹنے لگا، کیوں کہ وہ جہاں چھپے بیٹھے تھے، وہاں ہوا کیلئے چھوٹا سا سوراخ موجود تھا، اس سے پہلے کہ کوئی سانحہ رونما ہوجاتا، ان میں موجود ایک تارک وطن نے پولیس ہیلپ لائن کو  مدد کے لئے کال کردی۔

پولیس نے کال کو ٹریس کرکے ٹرک کا پتہ چلایا، اور Heiligenroth قصبے کے قریب موٹر وے کے فیولنگ اسٹیشن پر اسے جاپکڑا، تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی ٹرک میں موجود کئی تارکین وطن جمپ لگا کر فرار ہوچکے تھے، پولیس نے وہاں موجود 8 تارکین وطن کو تحویل میں لے لیا، جبکہ ٹرک ڈرائیور کو بھی تحقیقات کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے، وہاں موجود لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ٹرک سے کئی لوگوں کو جمپ لگا کر بھاگتے دیکھا ہے۔

جبکہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ ہالینڈ سے تمباکو لارہا تھا، اور اسے ٹرک میں تارکین کے چھپے ہونے کا کوئی علم نہیں تھا، تاہم جب وہ فیولنگ اسٹیشن پر رکا تو پیچھے سے ٹرک کو بجانے کی آواز آئی،  جب اس نے پیچھے جا کر کنٹینر کا دروازہ کھولا تو اندر موجود تارکین وطن جمپ لگا کر بھاگنے لگے، ڈرائیور کے مطابق اسے گاڑی میں تارکین وطن کی موجودگی کا علم نہیں تھا، تاہم پولیس اس سے تفتیش کررہی ہے۔

دوسری طرف پولیس نے جن 8 تارکین کو تحویل میں لیا ہے، ان میں سے ایک کم عمر کو سوشل سینٹر کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ باقی 7 پر جرمنی میں غیر قانونی داخل ہونے کا چارج لگایا گیا ہے، ان تارکین وطن کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ جانا چاہتے تھے، لیکن غلط ٹرک میں جاچھپے، جس سے وہ جرمنی پہنچ گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.