قطر ائیر ویز کیلئے پاکستان کے دروازے بند کرنے کی وارننگ

0

کراچی: پاکستان نے پہلی بار بااثر ملکوں کی غیر ملکی ائیرلائنز سے اپنی اتھارٹی منوانے کا مظاہرہ کیا ہے، اور ترکش ائیر لائن کو وارننگ جاری کرنے کے بعد قطر ائیرلائن کیخلاف عملی کارروائی کی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برسوں سے پاکستان میں بااثر ملکوں کی ائیرلائنز کے خلاف کسی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ایک خواب رہی ہے، اور غیر ملکی ائیرلائنز اپنی من مانیاں کرتی رہی ہیں، جس کی وجہ سے ایک طرف پاکستان کی ریگولیٹری اتھارٹی سول ایوی ایشن کی رٹ بتدریج ختم ہوتی رہی، دوسری جانب پاکستان کی فضائی صنعت کو بھی نقصان ہوتا رہا۔ اس کی ایک بڑی وجہ ماضی کے حکمرانوں کے ان بااثر ملکوں کے ساتھ ذاتی کاروباری تعلقات اور دباؤ میں آنا رہا ہے، تاہم اب پہلی بار موجودہ حکومت میں سی اے اے نے بااثر ملکوں کی ائیرلائنز پر بھی اپنی رٹ منوانی شروع کی ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔

ترکش ائیرلائن کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اور بااثر اسلامی ملک قطر کی سرکاری ائیرلائن قطر ائیرویز کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے، اور کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ناصرف ائیرلائن پر جرمانہ کیا ہے، بلکہ دوبارہ خلاف ورزی پر پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی اجازت منسوخ کرنے کی وارننگ جاری کردی ہے

اس حوالے سے فضائی صنعت کی تین دہائیوں سے رپورٹنگ کرنے والے سینئر صحافی طارق ابوالحسن نے احساس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے، طویل عرصے بعد پاکستان کا فضائی ریگولیٹری ادارہ غیر ملکی ائیرلائنز سے اپنی رٹ منوارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وقار کیلئے ضروری ہے کہ ہم بھی غیر ملکی ائیرلائنز سے اپنے قوانین پر اسی طرح عمل کروائیں جس طرح پی آئی اے کو دوسروے ملکوں میں کرنا پڑتا ہے۔

قطر ائیرویز کی غلطی

قطر ائیرلائن نے پاکستان کی طرف سے بی کیٹیگری میں شامل افریقی ملک موزیمبیق سے آنے والے مسافر حماد کو بغیر کرونا ٹیسٹ بورڈنگ پاس جاری کیا اور کراچی تک سفر کی اجازت دی تھی، حماد جن کا پاسپورٹ نمبر BV-000973 دوحا کے راستے 15 اکتوبر کو کراچی پہنچے تھے طیارے میں ان کی نشست کا نمبر 24-J تھا۔ بعد ازاں حماد کا کرونا ٹیسٹ کروایا گیا تو وہ پازیٹو نکلا۔

ائیرلائن پر جرمانہ

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ ائیر کموڈور عرفان صابر نےقطر ائیرلائن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، اس کے علاوہ ائیرلائن کو مسافر حماد کے ٹیسٹوں اور قرنطینہ سمیت تمام اخراجات برداشت کرنا ہوں گے، حماد کے ساتھ والی نشست پر سفر کرنے والے مسافر کے ٹیسٹ اور قرنطینہ کے اخراجات بھی ائیرلائن اٹھائے گی۔ سول ایوی ایشن نے ائیرلائن کو اس حوالے سے ایک ہفتے کے اندر عمل درآمد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.