اٹلی میں ملازمتیں بچانے کیلئے کتنے ارب یورو رکھنے کا اعلان، جانئے

0

روم: اٹلی کی حکومت نے اگلے سال کے بجٹ میں کاروبار کی بحالی کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے، بالخصوص کرونا صورتحال سے متاثرہ چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے اربوں یورو کی رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے، حکومتی اتحاد نے طویل مشاورت کے بعد اگلے برس کیلئے بجٹ تجاویز کی منظوری دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی حکومت نے کرونا سے متاثرہ معیشت کی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے نئے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جسے 2021 کے بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، اس کا مقصد کاروبار کو دوبارہ پٹری پر ڈالنا اور  ملازمتوں کو بچانا ہے، اس حوالے سے  وزیر اکانومی رابرٹو گوالتیری نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امدادی پیکج  39 ارب یورو پر مشتمل ہے، جس میں یورپی یونین کی طرف سے دی گئی 15 ارب یورو کی گرانٹ بھی شامل ہے۔

حکومت نے نئی بجٹ تجاویز میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے زیادہ متاثرہ کمپنیوں اور درمیانے و چھوٹے کاروباری اداروں پر واجب الادا قرضوں کی واپسی جنوری تک معطل کردی ہے، یعنی ان اداروں کو اب جنوری 2021 تک قسطیں واپس نہیں کرنی ہوں گی، اسی طرح ملازمتیں بچانے کے لئے عارضی طور پر ملازمین کو گھر بٹھانے والی اسکیم کے تحت کمپنیوں کو 5 ارب یورو کی مزید امداد دی جائے گی، جبکہ  اٹلی کے جنوبی علاقے جہاں غربت زیادہ ہے، وہاں ملازمتیں  بچانے اور بڑھانے کے لئے 6 ارب یورو خرچ کئے جائیں گے۔

کرونا کے باعث اندازہ ہے کہ رواں برس 2020 میں اطالوی معیشت میں 9 فیصد کمی  ہوگی جبکہ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1 فیصد سے تجاوز کرجائے گا، تاہم بجٹ میں اگلے سال یہ خسارہ کم ہوکر 7 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 2021 میں معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.