فرانس میں کرونا بے قابو، ایران میں ہر 5 منٹ بعد ایک موت

0

پیرس: فرانس میں کرونا وائرس بے قابو، فرانسیسی طبی مشیر نے یومیہ کیسز ایک لاکھ سے بڑھ جانے کیلئے تیار رہنے کا الرٹ دے دیا ہے، اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے کی بھی وارننگ، صورتحال نازک ہونے پر فرانسیسی صدر نے دفاعی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں کرونا وائرس بے قابو  ہوگیا ہے، حکومت کو مشورہ دینے والی سائنسی کونسل کے سربراہ پروفیسر جین فرانسس نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں یومیہ کیسز ایک لاکھ سے بڑھ سکتے ہیں، انہوں نے آر ٹی ایل ریڈیو کو بتایا کہ ہم نے کونسل میں اندازہ لگایا ہے کہ فرانس میں یومیہ کیس ایک لاکھ  کی طرف ہم بڑھ رہے ہیں، جو گزشتہ روز 52 ہزار تھے، انہوں نے کہا کہ صورتحال نازک ہوتی جارہی ہے، ہمیں پتہ تھا کہ کرونا کی دوسری لہر آرہی ہے، لیکن یہ لہر اتنی  خطرناک ہوگی، اس کا اندازہ  نہیں تھا۔

اس سے پہلے فرانسيسی حکومت کے مشير برائے سائنسی امور آرنو فونتانے بھی خبردار کیا تھا کہ کرونا موسم بہار میں جس رفتار سے پھيل رہا تھا، اس وقت اس سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بہت جلد ہسپتال اسی صورتحال کا سامنا کررہے ہوں گے، جس کا ہم نے رواں برس وبا کے آغاز میں کیا تھا۔

فرانسیسی صدر کا ردعمل

ملک میں کرونا کی صورتحال نازک ہونے پر فرانسیسی صدر میکرون نے دفاعی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جبکہ وزیراعظم بھی سیاسی و پارلیمانی رہنماؤں اور یونین لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات پر مشاورت کی جائے گی، فرانسیسی صدارتی محل کے ترجمان نے بتایا کہ ان ملاقاتوں کے بعد دفاعی کونسل کا دوسرا اجلاس بدھ کو پھر ہوگا، دفاعی کونسل کے مسلسل دو دن اجلاس طلب کرنے سے ماہرین صورتحال سنگین ہونے کا اشارہ لے  رہے ہیں۔

ایران کی صورتحال

ایران میں بھی کرونا کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوگیا ہے، اور وہاں ہر 5 منٹ میں وبا ایک فرد کی جان لے رہی ہے، مریضوں کی تعداد بڑھنے کے باعث کئی شہروں کے ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے، ایرانی محکمہٴ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ یومیہ ہلاکتیں 300 تک پہنچ گئی ہیں، اس طرح ایران میں اس وبا سے ہر پانچ منٹ بعد ایک شخص دم توڑ رہا ہے، ایرانی نائب وزیرِ صحت ایرج تبریزی کا کہنا ہے کہ کرونا اسی رفتار سے لوگوں کو لپیٹ میں لیتا رہا تو اگلے چند روز میں یومیہ اموات 600 سے بڑھ سکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.