چین اور پاکستان کیلئے تعینات بھارتی فوجیوں کیلئے خصوصی امریکی لباس

0

دہلی: لداخ میں چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث بھارت نے امریکہ سے فوجیوں کیلئے انتہائی سرد موسم میں پہنے جانے والے خصوصی لباس خریدنا شروع کردئیے ہیں، خصوصی امریکی لباس کے 60 ہزار سیٹ خریدے جارہے ہیں، دوسری جانب لباس کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی، جسے لداخ میں فوجیوں تک پہنچادیا گیا ہے۔

مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ نے چینی سرحد پر تعینات بھارتی فوجیوں کے لئے یہ خصوصی لباس ایسے موقع پر مہیا کئے ہیں، جب امریکہ اور چین کے درمیان بھی مسلسل  کشیدگی چل رہی ہے، جبکہ امریکی وزیرخارجہ اور وزیر دفاع نے حال ہی میں دہلی کے دورے کئے ہیں، دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ خصوصی امریکی لباس درآمد کرنے سے اشارہ ملتا ہے کہ چین کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ لداخ کا تنازعہ حل کرنے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں، اور اب لداخ کے سخت سرد موسم میں جہاں درجہ حرارت منفی 40 تک گر جاتا ہے، وہاں دونوں ملکوں کی افواج اسی طرح ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی، جیسے سیاچن کے محاذ پر پاکستان اور بھارت کی فوجیں کھڑی ہوتی ہیں، اس سے قبل سیاچن کے برعکس لداخ میں بھارت اور چین کی افواج سردیوں میں اپنے محفوظ ٹھکانوں پر منتقل ہوجاتی تھیں، اور گشت ختم یا بہت محدود کردیا جاتا تھا، بھارتی فوجیوں کو خصوصی امریکی لباس ملنے کے حوالے سے دہلی میں وزارت دفاع نے میڈیا کو خصوصی طور پر تصاویر جاری کی ہیں، جن میں لداخ میں تعینات مسلح بھارتی فوجی کو سفید رنگ کے اس امریکی لباس میں دکھایا گیا ہے۔

ایک مغربی خبررساں ادارے نے بھارتی فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ لداخ کی خون جما دینے والی سردی میں فوجیوں کے لئے خصوصی امریکی لباس کے 60 ہزار سیٹ خریدے جارہے ہیں، اور یہ لباس لداخ کے علاوہ سیاچن پر تعینات فوجیوں کو بھی فراہم کئے جائیں گے، حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی امریکی لباس سے فوجیوں کو فروز بائٹ سے بچانے میں مدد ملے گی، جس سے فوجی معذور ہوجاتے ہیں، ان کی سننے اور دیکھنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوجاتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.