یونانی دارالحکومت میں دو سو برس میں پہلی مسجد کھل گئی

0

ایتھنز: یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں تقریباً دو سو برس میں پہلی مسجد کھل گئی ہے، جہاں مسلمان باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، ایتھنز میں پاکستان، افغانستان، شام ا ور بنگلہ دیش سمیت مسلم ملکوں کے لاکھوں تارکین مقیم ہیں، مسجد کے قیام  سے انہیں اجتماعی عبادت کا موقع میسر آسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق یونان کے دارلحکومت ایتھنز میں سرکاری خرچ سے قائم کی گئی پہلی مسجد نماز کے لئے کھول دی گئی ہے، اگرچہ بعض مسلمانوں کو مسجد کی عمارت کے طرز تعمیر اور اس میں گنبد نہ ہونے پر اعتراض بھی ہے، لیکن مسلمانوں کی بڑی تعداد اس کے قیام پر خوش ہے، مسجد کی انتظامی کونسل کے ایک رکن اشیر حیدر نے مسجد میں پہلی بار جمعہ کی ادائیگی کے بعد کہا کہ ایتھنز میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ ہم طویل عرصے سے اس مسجد کے انتظار میں تھے، اللہ کا شکر ہے کہ اب  ہمارے پاس ایک مسجد ہے، جہاں ہم آزادی سے نماز ادا کر سکتے ہیں۔

عرب خبررساں ادارے کے مطابق 1833 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ایتھنز میں  سرکاری خرچ سے قائم کی گئی ایک مسجد میں جمعہ کی نماز ادا ہوئی، جس میں یونانی حکومت کی کرونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے جسمانی فاصلہ رکھ کر نماز پڑھی گئی ، دوسری طرف یونان کی مسلم ایسوسی ایشن کے سربراہ نعیم نے حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مسجد کی عمارت اور طرز تعمیر پر اعتراض بھی کیا، انہوں نے کہا کہ مسجد کی جگہ بہت چھوٹی ہے، پھر اس میں کوئی مینار  نہیں بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ یونانی مسلمانوں کو بھی باقی یورپ کی طرز پر مساجد قائم کرنے کا حق ملنا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.