اٹلی: مزید ریجنز ریڈ اور اورنج زون میں شامل کردیئے گئے، نئی پابندیاں کب سے لگیں گی

0

روم: اٹلی میں کرونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد حکومت نے مزید ریجنز کو ریڈ اور اورنج زون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان پر پابندیوں کا اطلاق16  نومبر سے ہوگا، پابندیوں کے حکومتی اعلان کے بعد ان ریجنز میں خریداری کیلئے عوام کی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے، اور ہفتے کو ریکارڈ 37 ہزار255 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 24 گھنٹوں میں544  افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے، اٹلی میں وبا شروع ہونے کے بعد سے مریضوں کی کل تعداد ایک ملین سے بڑھ گئی ہے جبکہ 44 ہزار 139 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں، ادھر سرکاری خبر ایجنسی نے محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ کمپانیا اور ٹسکونی کو بھی ریڈ زون میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ امیلیا روماگنا، فرولی اور مارشے کو اورنج زون میں شامل کیا گیا ہے۔

ریڈ زون

کمپانیا اور ٹسکونی کو بھی زیادہ خطرے والے علاقوں میں شامل کرنے کے بعد ملک میں ریذزون میں شامل ریجنز کی تعداد سات ہوگئی ہے، جن میں لمبارڈیا، پیڈمونٹ، کالابریا، کمپانیا، ٹسکونی، ویلے ڈی اوسٹا اور نیم خود مختار ریجن بلزانو شامل ہیں، ریڈ زون میں شامل ریجنز میں باہر سے داخلہ اور انٹری ممنوع ہے، جبکہ بارز، بیکریز، ریستوران سمیت وہ تمام دکانیں بند رہیں گی جو ضروری سامان فروخت نہیں کرتیں،  ریستورانز سے ہوم ڈلیوری کی اجازت صرف رات 10 بجے تک ہوگی، آٹوسترادوں کے سروسز ایریا میں کھانے پینے کے اسٹورز، اسپتال اور ائیرپورٹز کھلے رہیں گے، اسی طرح فیکٹریاں ، ادویات کی دکانیں اور سپر مارکیٹیں  بھی کھلی رہیں گی۔

اورنج زون

مزید تین ریجنز اورنج زون میں شامل کرنے کے بعد اورنج زون میں شامل علاقوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے، جن میں پگلیا، سسلی، امبری، لیگوریا، بسلیکاتا، ابروزو، امیلیا روماگنا، فرولی اور مارشے ریجن شامل ہیں، جاری قواعد کے مطابق ان علاقوں میں بارز، ریستوراں، آئس کریم پارلرز اور بیکریز بند رہیں گی، جبکہ ہیئر ڈریسرز اور بیوٹی پارلرز کھلے رہیں گے، شہری اپنے ریزیڈینسے والے کمونے سے باہر نہیں جا سکیں گے، اس کے علاوہ گرین زون والے تمام قواعد بھی لاگو ہوں گئے۔

حکومت کی جانب سے مزید ریجنز کو ریڈ زون اور اورنج زون میں شامل کرنے کے بعد سپر اسٹورز کے باہر خریداری کے لئے عوام کی قطاریں لگ گئی، اس صورتحال میں سپر اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی بھی قلت دیکھی گئی ہے اور سامان ختم ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، خیال رہے کہ اطالوی وزیر زراعت ٹریسا بیلا نووا نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ گھبراہٹ میں خریداری نہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ لوگ نئے لاک ڈاؤن کے خدشے پر فوڈ اسٹورز کے باہر خریداری کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں، انہیں حکومت کی طرف سے یقین دلانا چاہتی ہوں کہ ہماری فوڈ چین محفوظ ہے، لہذا شہری صرف ضرورت کے مطابق خریداری کریں، تاکہ خوراک ضائع نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.