شریف برادران کی والدہ انتقال کرگئیں

0

لندن:سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر انتقال کر گئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترلندن میں مقیم تھیں،ان کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی۔

شریف فیملی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ہی ادا کی جائے گی اور ان کا جسد خاکی کل پاکستان کے لیے روانہ کیا جائےگا،ان کی تدفین لاہور میں شریف فیملی کے آبائی قبرستان میں ہوگی،نواز شریف کے میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شریف برادران کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر وزیراعظم، آرمی چیف سمیت دیگر کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان،آرمی چیف،بلاول بھٹو زرداری، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری مونس الٰہی، شیخ رشید، عبدالعلیم خان، راجا ظفر الحق، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وزیر داخلہ اعجاز شاہ، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.